اصلاح النساء - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
عزت کومقصود نہ بنانا چاہیے۔ اس طرف التفات ہی نہ کرنا چاہیے، کوئی عزت کی نظر سے دیکھے یا ذلت کی نظر سے، ان کو اس کی کچھ پروا نہ کرنی چاہیے۔ اپنے کام سے کام رکھنا چاہیے، ورنہ یہ ہوتاہے کہ بعض وقت جوکم فہموں میں ان کی عزت نہیں ہوتی کیوںکہ ان کے قلب میں دین ہی کی وقعت نہیں ہوتی، تو یہ اس ذلت کو دیکھ کرعمل ہی چھوڑبیٹھتے ہیں۔ غرض وہ شخص جو رسید کامنتظر تھا یہ نیت کرکے سوگیا کہ میں تہجد میںنہ اٹھوں گا۔ خواب میں فرشتہ کے ذریعہ سے اس کو متنبہ کیاگیا۔ بات یہ ہے کہ اس نے توذکرکو چھوڑنا چاہا، مگر حق تعالیٰ نے نہ چاہا کہ اس کو اس طرح چھوڑدیں۔ فرشتے نے کہا کہ بھائی! حق تعالیٰ یوں فرماتے ہیں کہ آج تُو نے میرا نام کیوں نہیں لیا؟ کہا: میں عرصہ سے نام لیتاتھا ،مگر ادھر سے کچھ جواب ہی نہیں ملتا۔میں یہ سمجھا کہ میرا عمل قبول نہیں ہوتا۔ جب عمل قبول نہیں ہوتا تو اس کا کرنا فضول ہے۔ میں پکارتا ہوں، مگر ادھر سے نہ سلام ہے، نہ جواب ہے۔ بس میری ہمت ٹوٹ گئی۔ جواب میں ارشاد ہوتاہے جس کو مولانا نقل فرماتے ہیں: گفت آں اللہ تو لبیک ما است ایں نیاز وسوز ودردست پیک ماست یعنی وہ تیرا اللہ اللہ کہنا ہی ہمارا جواب ہے، اگر ہم کو تیرا اللہ اللہ کہنا پسند نہ ہوتا تو دوبارہ توفیق ہی نہ ہوتی۔ تمام عالَم بھرا پڑا ہے، اللہ اللہ کون کرتاہے سوا اس کے جس کو ہم توفیق دیں۔ جب ہم نے توفیق دی تو یہ سمجھ لینا چاہیے ہم کو تیرا عمل پسند ہے۔ یہ بات ذاکرین کے لیے کس قدر تسلی دہ اورہمت بڑھانے والی ہے۔گوہمارا ذکر ہرگز اس قابل نہیںکہ قبول کیاجاسکے، مگر ان کی رحمت ہے کہ ایسے ذکر کوبھی قبول کرلیتے ہیں۔ مولانا دوسری جگہ فرماتے ہیں: ایں قبول ذکر تو از رحمت است چوں نماز مستحاضہ رخصت است یہ آپ کاہمارے ذکر کا قبول فرمانا رحمت ہی ہے، جیسے مستحاضہ کی نماز رخصت کی بنا پر قبول فرمالیتے ہیں۔ دیکھیے مستحاضہ کی اور بیمارکی کیا نماز ہے ؟خون پیپ بہہ رہا ہے، اَحکم الحاکمین کے دربار میں ان نجاستوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی کیا ہمت ہوسکتی ہے؟ مگر یہ حکم ہے کہ اسی طرح پڑھ لو۔ خدا تعالیٰ کی رحمت ہے کہ ایسی نماز بھی قبول کرلی جاتی ہے۔خیر اُس شخص سے فرشتہ نے کہا کہ تُونے غلط سمجھا۔ ایک بار کے بعد دوبارہ ذکر کی توفیق ہوئی تو قبول ہی کی علامت ہے۔ اس کو سن کر اس کا دل بڑھا اور اٹھ بیٹھا اور تہجد پڑھی اور ذکر کرنے لگا۔ غرض دل گھٹنے سے عمل میں قصور رہتا ہے،