خزائن الحدیث |
|
ترجمہ:اے اﷲ! مجھے رسوا نہ کیجیے کہ یقیناً آپ مجھے خوب جانتے ہیں اور مجھے عذاب مت دیجیے کہ یقیناً آپ مجھ پر خوب قادر ہیں۔ سرو رِ عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے جو دعا تعلیم فرمائی میرے حق میں اس کو قبول فرما لیجیے اَللّٰھُمَّ لَا تُخْزِنِیْ فَاِنَّکَ بِیْ عَالِمٌ اے اللہ! مجھے رسوا نہ کیجیے کیوں کہ آپ مجھے خوب جانتے ہیں، میری تمام نالا ئقیوں کا آپ کو علم ہے اس لیے مجھے رسوا کرنا آپ کو کچھ مشکل نہیں وَلَا تُعَذِّبْنِیْ فَاِنَّکَ عَلَیَّ قَادِرٌ؎ اور مجھے عذاب نہ دیجیے کہ میں پوری طرح آپ کی قدرتِ قاہرہ غالبہ کاملہ کے تحت ہوں، جو پوری طرح قدرت میں ہو اس کو عذاب دینا قادرِ مطلق کو کیا مشکل ہے لیکن آپ کریم ہیں، اپنے کرم کے صدقہ میں اس بندۂ عاجز اور مغلوب کو رُسوا بھی نہ کیجیے اور عذاب بھی نہ دیجیے ۔لہٰذا اے خدا! میری مدد فرمائیے اور نفس و شیطان کی مکاریوں سے اور ان کی چالوں اور دھوکوں سے مجھے بچا لیجیے کہ نفس و شیطان مجھے مغلوب نہ کرسکیں۔ اَللّٰھُمَّ وَاقِیَۃً کَوَاقِیَۃِ الْوَلِیْدِاور میری ایسی حفاظت فرمائیے جیسے ماں اپنے چھوٹے سے بچے کی حفاظت کرتی ہے کہ اس کے بچہ کو اگر مٹی کھانے کی عادت ہے تو گھر میں جھاڑو لگا کر گھر کو مٹی سے پاک کردیتی ہے اور اگر کوئی دوسرا بچہ چھپا کر مٹی لاتا ہے تو اس کا کسٹم کرتی ہے اور مٹی اس سے چھین کر پھینک دیتی ہے اور ایسے بچے کو اپنے بچے کے پاس بھی نہیں آنے دیتی اور اگر بچہ کبھی چھپا کر مٹی منہ میں رکھ لیتا ہے تو اس کے منہ میں انگلی ڈال کر نکال لیتی ہے اور کبھی نگل لیتا ہے تو اس کو قے کرادیتی ہے تاکہ کوئی مضر چیز میرے بچے کو نقصان نہ پہنچا دے۔ تو اے اللہ! ماں کی رحمت تو آپ کی رحمت کی ادنیٰ بھیک ہے، ماؤں کو محبت کرنا تو آپ ہی نے سکھایا ہے۔ پس اے خالقِ رحمتِ مادراں! گناہوں سے میری بھی اسی طرح حفاظت فرمائیے کہ اگر میں گناہ کرنا بھی چاہوں تو آپ نہ کرنے دیجیے اور گناہ اور اسبابِ گناہ کو مجھ سے اس طرح دور کر دیجیے جیسے ماں مضر چیزوں کو اپنے چھوٹے بچہ سے دور کر دیتی ہے۔ پس اے کریم! ہمارے گناہوں کو محض اپنے کرم سے معاف فرما دیجیے بلکہ گناہوں کے آثار و نشانات کو بھی محو فرما دیجیے کیوں کہ عفو کے معنیٰ ہیں گناہوں کے نشانات اور شہادتوں کو مٹا دینا۔ اے اللہ! آپ کے رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ جب بندہ آپ سے معافی مانگتا ہے اور آپ جب اس کو معاف فرما دیتے ہیں تو آپ گناہ کے چاروں گواہوں کو ختم کر دیتے ہیں، کِرَامًا کَاتِبِیْن سے اس کے گناہ کو ------------------------------