خزائن الحدیث |
|
رحمت ِحق کو متوجہ کرنے والا عجیب عنوانِ دعا حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے قربان جائیے،سرورِ عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم پر لاکھوں کروڑوں صلوٰۃ و سلام نازل ہوں، کیسی پیاری دعا سکھا دی اَللّٰھُمَّ لَاتُخْزِنِیْ فَاِنَّکَ بِیْ عَالِمٌ اے اللہ! ہم کو ذلیل نہ فرما کہ جس کوٹھڑی میں ہم گناہ کر رہے تھے وہاں آپ بھی موجود تھے، آپ ہمارے سارے عیوب کو جانتے ہیں لہٰذا اے خدا! ہم کو رسوا نہ فرما۔ مخلوق سے تو ہم چھپ گئے لیکن آپ اس وقت بھی موجود تھے جب ہم گناہ کر رہے تھے۔ حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم یہ دعا سکھا رہے ہیں۔ قربان جائیے کیا پیاری دعا ہے! اَللّٰھُمَّ لَاتُخْزِنِیْ فَاِنَّکَ بِیْ عَالِمٌ پس تحقیق کہ آپ خوب جانتے ہیں جو ہم تنہائیوں میں، خلوتوں میں، کوٹھڑیوں میں، حجروں میں چھپ چھپ کے گناہ کرتے ہیں اے خدا! آپ وہیں ہوتے ہیں، آپ اپنی قدرتِ قاہرہ کے ساتھ ہمیں دیکھتے ہیں۔ یہ آپ کا کمالِ حلم و کرم ہے کہ جلدی بدلہ نہیں لیتے۔ موقع دیتے ہیں کہ شاید اب توبہ کر لے، شاید اب توبہ کر لے وَلَا تُعَذِّبْنِیْ فَاِنَّکَ عَلَیَّ قَادِرٌ اور مجھ کو عذاب نہ دیجیے کیوں کہ آپ مجھ پر پوری قدرت رکھتے ہیں۔حدیثِ بالا کی مزید تشریح اے اللہ! آپ ہم کو ذلیل اور رُسوا نہ کیجیے، کیوں کہ آپ ہمارے ہر گناہ سے با خبر ہیں، جب ہم گناہ کرتے ہیں تو آپ موجود ہوتے ہیں اور جب نیکی کرتے ہیں تو بھی موجود رہتے ہیں،آپ کبھی غیر موجود ہوتے ہی نہیں۔ وَھُوَ مَعَکُمْ اَیْنَمَاکُنْتُمْ کایہی ترجمہ ہے کہ اے اللہ! آپ اپنے بندوں سے کبھی غیر موجود نہیں ہوتے، مسجد میں بھی آپ ساتھ ہیں، دفتر میں بھی ساتھ ہیں، ہوائی جہاز پر بھی ساتھ ہیں، بحری جہاز پر بھی ساتھ ہیں، شہر میں بھی ساتھ ہیں، جنگل میں بھی ساتھ ہیں، کہیں کوئی ایسی جگہ نہیں ہے جہاں آپ ساتھ نہ ہوں۔ وَھُوَ مَعَکُمْ جملۂ اسمیہ ہے اس سے خروج محال ہے۔اب منطق سنیے کہ وَھُوَ مَعَکُمْجملۂ اسمیہ ہے اور جملۂ اسمیہ دلالت کرتا ہے دوام پر اور دوام دلالت کرتا ہے عدمِ خروج پر کہ اس حالت سے اس کا خروج نہیں ہو سکتا۔ یعنی بندہ ایک سانس ایسا نہیں لے سکتا کہ خدا اُس کے ساتھ نہ ہو، انسان کا کوئی سانس ایسا نہیں گزر سکتا کہ جس سانس میں وَھُوَمَعَکُمْ سے اس کا خروج اور ایگزٹ(exit)ہوجائے۔ بتاؤ ایسا رفیق کہاں ملے گا جو زمین کے اوپر بھی اور جو زمین کے نیچے بھی، عالمِ برزخ میں بھی ، میدانِ محشر میں بھی اور جنت میں بھی ساتھ ہو؟ لاؤ ہمارے پیارے اللہ کے سوا کوئی ایسا ساتھی، ایسا رفیق، ایسا مولیٰ جو کبھی اور کہیں ساتھ نہ چھوڑتا ہو۔ ورنہ جنازہ جب قبر میں اُترتا ہے تو بڑی بڑی عاشق بیویاں زمین کے اوپر رہ جاتی ہیں، مال و دولت و کاروبار