خزائن الحدیث |
|
پیشِ لفظ محبی و محبوبی شیخ العرب و العجم عارف باﷲ حضرتِ اقدس مولانا شاہ حکیم محمد اختر صاحب ادام اللہُ بقاءَ ھُمْ سے تعلق رکھنے والے اکثر اکابر علماء کا عرصہ سے اصرار تھا کہ حضرت والا نے اپنی تقاریر و تصانیف میں جہاں جہاں قرآن و حدیث کی تفسیر و تشریح کی ہے اور جہاں جہاں الہامی مضامین از قبیل وارداتِ غیبیہ بیان ہوئے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں، ان کو حضرت کی تصانیف سے منتخب کرکے الگ شایع کردیا جائے تو یہ سینوں میں محبت کی آگ لگانے والا ایک بے مثال علمی خزانہ ہوگا۔ حضرت مولانا یونس پٹیل صاحب نے ساؤتھ افریقہ میں کئی مواقع پر فرمایا کہ کاش !حضرت والا کے ان علوم کا مجموعہ الگ شایع ہوجائے ،تو قیامت تک اُمتِ مسلمہ کی ہدایت و اصلاح اور اﷲ تعالیٰ کی اشد محبت کے حصول کا بے مثل ذخیرہ ہوگا اور یہ الہامی علوم ایسے ہیں جو کتابوں میں نہیں ملتے۔ اس سلسلہ میں کئی علماء حضرات نے کوششیں بھی کیں لیکن تکمیل کو نہ پہنچ سکیں،لیکن یہ سعادت لاہور کے جناب عامر نذیر صاحب زید مجدھم کی قسمت میں تھی،جنہوں نے بڑی محنت و جاں فشانی سے اس کام کو انجام دیا اور حضرت والا کی جملہ تصنیفات سے قرآن و حدیث کے علوم جمع کیے اور کمپیوٹر سے ٹائپ کراکے لاہور سے کراچی بھیجے جو ’’خزائن القرآن‘‘اور’’خزائن الحدیث‘‘کے نام سے تاحال شایع ہوتے رہے،لیکن ان کی تصحیح اور حوالہ جات کی تکمیل کی شدت سے ضرورت محسوس کی گئی۔ بحمد اللہ تعالیٰ حضرت والا دامت برکاتہم و فیوضہم کی ذکرکردہ احادیثِ مبارکہ کی الہامی تشریحات نے تمام قارئین کے دلوں کو جِلا بخشی اور خاص طور پر علمائےکرام کے لیےیہ خزائنِ علوم ان کے بیانات، خطبات، تقاریر اور درسِ قرآن و حدیث کے لیے خصوصیت کے ساتھ ممدومعاون ثابت ہوئے۔ اس کتاب کو مزید مفید سے مفید تر بنانےکے لیے اس ایڈیشن میں جملہ احادیث کے ذیل میں حواشی کا اضافہ کیا جا رہاہے جس میں مندرجہ ذیل امور کو خصوصیت کے ساتھ ملحوظ رکھا گیا ہے۔۱۔بطورِ عنوان ذکر کردہ حدیث کی تکمیل کردی گئی ہے، تاکہ تشریح شدہ جزءِحدیث کو سیاق و سباق سے سمجھنا آسان ہو۔ ۲۔احادیث کی مکمل تخریج کردی گئی ہے، تاکہ مراجعت میں سہولت رہے۔۳۔تخریج میں صحاحِ ستہ کو بنیاد بنایا گیا ہے نیز عربی عبارت کو واضح اورغلطیوں سے پاک رکھنے کی حتی الوسع کوشش کی گئی ہے۔ قارئین سے درخواست ہے کہ اگر اس میں کسی قسم کی کوئی غلطی یا حوالے کی عدم درستگی ملاحظہ کریں تو ادارہ کو تحریری طور پر مطلع فرماکر اس کارِخیر میں حصہ دار بنیں۔ العارض احقر سید عشرت جمیل میرؔ عفا اﷲ تعالیٰ عنہ خادمِ خاص حضرت والا دامت برکاتہم