خزائن الحدیث |
|
دیکھو جگر صاحب کو ایک مرتبہ ایک اللہ والے بزرگ حضرت حکیم الامت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کی صحبت نصیب ہوئی تو کیسے اللہ والے بن گئے؟ شراب سے توبہ کر لی، حج کر آئے، داڑھی بھی رکھ لی اور ان شاء اللہ خاتمہ بالخیر بھی نصیب ہو گیا۔ تو اللہ تعالیٰ کی محبت کتنی ہونی چاہیے؟یہ بخاری شریف کی حدیث ہے، الفاظِ نبوت میں مانگو،ان شاء اللہ ضرور قبول ہو گی، کیوں کہ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے پیارے اور مقبول ہیں، آپ کے الفاظ بھی مقبول ہیں، مقبول لغت نبوت میں مانگو گے تو آپ کی دعا رد نہیں ہو گی ان شاء اللہ،یاد کر لو۔ خالقِ حیات کی باتیں پیش کرتا ہوں جن سے حیات برستی ہے۔ خالقِ حیات اپنے عاشقوں پر حیات اور نا فرمانوں کے دلوں پر موت برساتا ہے۔ چہرہ دیکھو تو پتا چل جائے گا کہ اس پر لعنت و پھٹکار ہے۔ سیدنا عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایک شخص کو دیکھ کر جو بدنظری کر کے آیا تھا، فرمایا کہ مَا بَالُ اَقْوَامٍ یَّتَرَشَّحُ مِنْ اَعْیُنِھِمُ الزِّنَا؎ کیا حال ہے ایسی قوموں کا جن کی آنکھوں سے زِنا ٹپک رہا ہے؟ کیا رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے لعنت نہیں فرمائی ؟ لَعَنَ اللہُ النَّاظِرَ جو بدنظری کرتا ہے اس پر لعنت ہو۔سرورِ عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی بددعا ہے، تو کیا لعنت کے اثرات چہرہ پر نہیں آئیں گے؟اہل و عیال سے زیادہ اللہ تعالیٰ کی محبت مطلوب ہے اس کے بعد فرمایا:وَمِنْ اَھْلِیْ اے اللہ! اپنی محبت مجھے میرے اہل و عیال سے بھی زیادہ دے دے۔ یہ نہیں کہ بیوی نے کہا کہ ٹیلی ویژن نہیں لاؤ گے تو میں ناراض ہو جاؤں گی، تو مارے ڈر کے لے آیا۔ بھائی! ہر گز اللہ تعالیٰ کو ناراض مت کرو، بیوی کی تمام ڈیمانڈ پوری کرو، اگر اچھے کپڑے کو کہے، لے آؤ، کو کا کولا لے آؤ، مرنڈا مانگے، لا دو، سیون اپ پلا دو اور شوگر والی ہے تو ڈائٹ سیون اپ لے آؤ اور ٹھنڈی کر کے پلاؤ۔ حلال نعمتیں اس پر برساؤ، لیکن جب اللہ کی نا فرمانی کو کہے کہ ننگی فلمیں لے آؤ، تو کہہ دو کہ میری جان لے لو مگر ایمان نہ لو، ایمان نہیں دے سکتا۔ جہانگیر بادشاہ سے نور جہاں نے کہا کہ شیعہ ہو جاؤ۔ پوچھا: کیوں؟ کہا کہ تم میرے عاشق ہواور عاشق کو چاہیے کہ معشوق کا مذہب اختیار کرے، تو اس نے کہا کہ جاناں بہ تو جاں دادم نہ کہ ایماں دادم۔ اے نور جہاں میری محبوبہ! تجھ پر میں نے جان دی ہے ایمان نہیں دیا ہے ۔ ------------------------------