خزائن الحدیث |
|
وَ اَمَّا الۡجِدَارُ فَکَانَ لِغُلٰمَیۡنِ یَتِیۡمَیۡنِ فِی الۡمَدِیۡنَۃِ وَ کَانَ تَحۡتَہٗ کَنۡزٌ لَّہُمَا ؎ اور وہ دیوار جس کے نیچے دو یتیم بچوں کا خزانہ دفن تھا گر رہی تھی، آپ نے حضرت خضر علیہ السلام سے اس کو بنوا دیا تاکہ ظالم بادشاہ اس خزانہ کو نہ چھین سکے اور اس عطا اور کرم کی وجہ آپ نے قرآن پاک میں بیان فرمائی وَکَانَ اَبُوْھُمَا صَالِحًا کہ ان دونوں بچوں کا باپ ہمارا وفادار اور پیارا تھا اور یہ باپ کون تھا؟ روایت میں ہے کہ کَانَ الْاَبَ السَّابِعَ وَ فِیْ رِوَایَۃٍ کَانَ الْاَبَ الْعَاشِرَ؎ یہ ساتواں باپ تھا اور ایک روایت میں ہے کہ دسواں باپ تھا۔ آہ! آپ کیسے باوفا ہیں کہ جو آپ کا ہو جاتا ہے، آپ اس کی دس پشت تک رحمت نازل فرماتے ہیں۔ دنیا میں بھی ہمارے ساتھ ہیں، قبر میں بھی ہمارے ساتھ ہوں گے، میدانِ محشر میں بھی اور پل صراط پر بھی اللہ ہی ساتھ دے گا، ہمارا مالک دونوں جہاں کا مالک ہے اور دونوں جہاں میں صرف وہی با وفا ہے۔اور دنیا کے با عطا بادشاہ اگر مجرموں کو معاف بھی کرتے ہیں تو عدالتِ عالیہ میں اس کا سابقہ ریکارڈ محفوظ رکھتے ہیں،تاکہ اگر آیندہ کبھی وہ پھر بے وفائی کرے تو اس کا سابقہ ریکارڈ فردِ جرم عائد کرنے میں ثبوت فراہم کرے، لیکن اے اللہ! آپ ایسے با عطا ہیں کہ جس کو معاف کرتے ہیں اس کا سارا ریکارڈ ضایع کردیتے ہیں، تاکہ میرا بندہ قیامت کے دن رسوا نہ ہو۔ حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم فرماتے ہیں: اِذَا تَابَ الْعَبْدُ اَنْسَی اللہُ الْحَفَظَۃَ ذُنُوْبَہٗ وَ اَنْسٰی ذٰلِکَ جَوَارِحَہٗ وَ مَعَالِمَہٗ مِنَ الْاَرْضِ حَتّٰی یَلْقَی اللہَ وَلَیْسَ عَلَیْہِ شَاہِدٌ مِّنَ اللہِ بِذَنْۢبٍ؎ جب بندہ توبہ کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ کِرَامًاکَا تِبِیْنَ سے اس کے گناہوں کو بھلا دیتے ہیں اور اس کے جوارح یعنی اعضائے جسم جو اس کے خلاف گواہی دیتے ان کو بھی بھلا دیتے ہیں اور جس زمین پر اس نے گناہ کیا تھا (اور وہ زمین اس کے خلاف گواہ ہوتی) اس زمین سے بھی اس کے گناہوں کے نشانات کو مٹا دیتے ہیں یہاں تک کہ قیامت کے دن وہ اللہ سے اس حال میں ملے گا کہ اس کے گناہوں پر کوئی شہادت دینے والا نہ ہو گا۔ ہمارے گناہوں کے آثار و نشانات کو اللہ تعالیٰ فرشتوں سے نہیں مٹوائیں گے، خود مٹائیں گے اور فرشتوں کو بھلا دیں گے۔ أَنْسَی اللہُ کا لفظ ہے کہ میں بھلا دوں گا تاکہ فرشتوں کا احسان میرے غلاموں پر نہ ------------------------------