حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کا بچپن |
|
’’ طلوعِ نجم سے ظہورِ فجر‘‘ تک (حضرت محمدﷺ: اعلانِ نبوت سے پہلے) اسے حسنِ اتفاق کہیے یا خالقِ کائنات کی حکمت کا تقاضہ کہ اپنے عمل سے دنیا کی تاریخ رقم کرنے والوں کی تاریخِ پیدائش، تعلیم و تربیت اور ان کے ماضی کی حسین یادیں عموماً یکجا نہیں ہوتیں ۔ وہ جب اپنے کردار و عمل سے دنیا کو بدلتے ہیں تو لوگ ان کے ایامِ ولادت، زمانۂ طفولیت اور عہدِ شباب کے نشانات کو تلاش کرتے ہیں ۔ یہی فطری ضابطہ کارفرما نظر آیا،ہمارے نبی محترمﷺ کے ان چالیس سالوں میں جو اعلانِ نبوت سے پہلے آپﷺ نے مکہ، بنو سعد، مدینہ، شام، تجارتی بازاروں ، حرا اور کعبہ کے اردگرد گزارے، ان دنوں کے احوال اور آپﷺ کی عادات و اطوار کو ایک ایک فرد سے اس وقت جمع کرنا شروع کیا جب اہلِ دانش کے سامنے آپﷺ کے تمام جواہر کھل کر سامنے آئے۔ چنانچہ بے نظیر حافظہ اور انسانی صلاحیتوں کے بیان پر قادر قوم نے چالیس سال بعد بھی ہاشمی گھرانے کے دُرِّیتیم کی ساری باتیں بیان کرنا شروع کر دیں جس کے نتیجے میں ایک نسل سے دوسری نسل تک نبی اکرمﷺ کے بچپن اور جوانی کی غیرمعمولی سیرت کے خدوخال پہنچ گئے اگرچہ اس وقت تک عرب میں تاریخ نویسی کا رواج نہیں ہوا تھا اس کے باوجود جب حساب دانوں نے اپنی ساری صلاحیتیں اس اہم کام کے لیے صرف کر دیں ، تو ایسی روایات جمع ہو گئیں جن کے مطالعہ سے اعلانِ نبوت سے پہلے کے حالات سامنے آ جاتے ہیں ۔ اس اجتہادی عمل میں جو نتائج سامنے آئے وہ مؤلف نے اپنے الفاظ میں منفرد ترتیب کے ساتھ اس لیے کتاب کے شروع میں پیش کر دیے ہیں کہ ان کے مطالعہ سے کتاب کے واقعات و مضامین کا سمجھنا بہت آسان ہو جائے گا۔ صاحب سیرت (سیدنا محمد کریمﷺ) کا کوئی واقعہ جب آپﷺ کے حلیہ شریف اور عمر مبارک کے تناظر میں پڑھا جاتا ہے تو آپﷺ کے عشاق کی لذت آفرینی دوچند ہو جاتی ہے۔ اس لیے پہلے ماہ و سال کو بیان کیا جارہا ہے اور پھر ان چند صفحات کے بعد پہلے باب کو حلیہ شریف کے بیان سے شروع کیا جائے گا۔سیرت کی کہانی، ماہ و سال کی زبانی اسلامی تاریخ عام طور پر اعلانِ نبوت یا ہجرت کے اہم واقعہ سے شروع کی جاتی ہے۔ جبکہ جس عہد کی کہانی ہم بیان کرنے چلے ہیں وہ ان دونوں واقعات (اعلانِ نبوت و ہجرت)سے پہلے کا ہے۔ اس لیے ہم بیانِ تاریخ میں (۱) یہ واضح کریں گے کہ یہ واقعہ ہجرت سے کتنے عیسوی سال پہلے کا ہے اور (۲) سن عیسوی اور کہیں عیسوی مہینہ (جو میسر ہو سکا) لکھا جائے گا۔ صرف تاریخ پیدائش میں دیگر معلومات بھی ہیں ۔