حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کا بچپن |
|
ان سے ہمارے نبیﷺ کی پرانی پہچان تھی۔ جب حضورﷺ کے چہرے کی روشنی سے پورا عالم منور ہوا اس وقت سے وہ اسی خاندان کی خدمت پر مامور رہیں ، انتہائی فرض شناس، مخلص، وفاشعار اور محبت دینے والیں ، اُمّ ایمن رضی اللہ عنہا سے حضرت آمنہ کو بھی بڑا پیار تھا، وہ اسی گھر کی فرد شمار ہوتی تھیں ۔ ان پر سب سے بڑی، اہم اور سعید ذمہ داری اس وقت آئی جب نبی رحمتﷺ کی والدہ دشتِ غربت میں فوت ہوئیں ۔ حضرت آمنہ کی اچانک موت سے ننھے حضورﷺ اور اُمّ ایمن رضی اللہ عنہا کو انتہائی صدمہ ہوا، لیکن اُمّ ایمن رضی اللہ عنہا نے بڑے ضبط اور حوصلے سے کام لیا۔ انہوں نے کمرِہمت باندھ کر حضرت آمنہ رضی اللہ عنہا کو وہیں سپردِ خاک کیا اور حضورﷺ کو انتہائی شفقت کے ساتھ اپنے ہمراہ لے کر بادیدۂ گریاں مکہ مکرمہ پہنچیں ، جہاں جناب عبدالمطلب نے حضرت آمنہ کے یتیم کو اپنی کفالت میں لے لیا اور اُمّ ایمن رضی اللہ عنہا کو حضورﷺ کی پرورش اور پرداخت پر مامور کر دیا۔ اس لیے ان کا ذی وقار لقب خَادِمَۃُ رَسُوْلِ اللّٰہِﷺ ہے۔ خدمت کا یہ فریضہ انہوں نے آپﷺ کی زندگی تک خوب سر انجام دیا۔(۱)رفاقتِ رسولﷺ کے انعامات: بچپن میں آپﷺ کو دودھ بھی پلایا تھا اس خدمتِ رضاعت (دودھ پلانے) کی وجہ سے انہیں حَاضِنَۃُ النَّبِیْﷺ کہا جاتا ہے (۲) حضرت اسامہ رضی اللہ عنہ بن زید رضی اللہ عنہ کو بھی دودھ پلایا تھا اور ان دنوں ان کے بیٹے ایمن رضی اللہ عنہ بھی دودھ پیتے تھے اور دائیں طرف سے پیتے تھے اس لیے ان کا نام اَلْاَیْمَنُ رکھا گیا اور الایمن نام ’’مبارک‘‘ کے معنٰی میں بھی ہے اور یہ اس لیے کہ حضورﷺ نے بھی اسی (دائیں طرف سے) دودھ پیا تھا۔ ان کی جگہ سے دودھ پینے والا بچہ مبارک ہو گیا۔(۳) -------------------------- (۱) الاستیعاب، اُمّ ایمن رضی اللہ عنہا (۲) (معرفۃ الصحابہ، اُمّ ایمن رضی اللہ عنہا ) (۳) المغرب فی ترتیب المعرف، الیاء مع المیم