مکاتبت سلیمان |
|
حضر ت اقدس تھانویؒ کے ملفوظات ومواعظ سے متعلق سید صاحب کی ہدایات سلوک سلیمانی کے مرتب جناب پروفیسر محمداشرف خاں صاحب تحریر فرماتے ہیں : نگاہ سلیمانی ؒمیں ان کی( حکیم الامت حضر ت تھانویؒ کے ملفوظات ومواعظ کی) اتنی قدروقیمت تھی کہ میری پہلی حاضری کے وقت استفسار فرمایا: ’’ آپ نے مولانا تھانویؒ کے ملفوظات ومواعظ پڑھے ہیں ؟۔ راقم نے نفی میں جواب دیا تو فرمایا: ’’ ملفوظات ومواعظ پڑھئے ، وہاں ہر چیز اندر سے پھوٹ کر نکلی ہے‘‘ متعلقین ومنتسبین کو بکثرت ان کے مطالعہ کی تاکید فرماتے تھے ایک صاحب سے جنہیں فقیر کے سامنے راولپنڈی میں بیعت فرمایا تھا ۔ ارشاد فرمایاکم ازکم ساٹھ یا ستر مواعظ مطالعہ فرمالیجئے۔ اس سلسلہ میں حضرت والا ؒ کے مکتوبات کے بعض اقتباسات نقل کئے جاتے ہیں ، جن سے ان مواعظ وملفوظات کی اہمیت ظاہر ہوگی ، شاید اس سے کسی طالب حق کو فائدہ پہنچے، (۱) ’’ مولانا تھانوی رحمہ اللہ تعالیٰ کے مواعظ وملفوظات کا مطالعہ ضرور کیا کریں ، بیحد منافع اور علم صحیح اللہ تعالیٰ عنایت فرمائیں گے اور تمیز حق وباطل عطا ہوگی۔‘‘ (۲) ’’ ان کتابوں (ملفوظات ومواعظ اور انفاس عیسیٰ ) کا بغور بغرض استفادہ مطالعہ انشاء اللہ تعالیٰ مفید عمل ، محرک عمل اورمثمر برکات ہوگا‘‘۔ (۳) ’’ اگر آ پ حضرت تھانویؒ کے مواعظ پڑھا کریں تو اس سے سب مرحلے طے ہوں گے‘‘ (۴) ’’ اگر کسی زندہ کی صحبت حاصل نہ ہوسکے تو حضرت تھانویؒ کے مواعظ اور ملفوظات دیکھاکریں ، اور بری صحبت سے پر ہیز کریں انشاء اللہ تعالیٰ صحبت کے فوائد حصل ہوں گے‘‘