مکاتبت سلیمان |
|
﷽باب۹ حضرت تھانویؒ سے متعلق سید صاحب ؒ کے لکھے ہوئے مضامین پہلا مضمون حقیقت ِ تصوف کا مکتشف اعظم اور فن حصولِ احسان وتقویٰ کا مجدد کامل از علامہ سید سلیمان ندویؒ پیش نظر اوراق میں ایک ایسی ہستی کا مرقع پیش کیا جارہا ہے جو اپنے وقت میں مجموعۂ کمالات اور جامع انواع فضائل تھی، عالم، حافظ، قاری، مدرس، مفسر، محدث، فقیہ، واعظ، صوفی، متکلم، مناظر، ناظم، ناشر، ادیب اور خانقاہ نشین ، شیخ سب کچھ تھی، لیکن اس نے سب سے بڑھ کر اپنے تمام فضائل وکمالات کو فن تصوف کی اصلاح وتکمیل میں صرف فرمادیا، اور دوسرے علوم وفنون میں سے ہر ایک پر عالمانہ اطلاع اور محققانہ عبور کے باوجود ان میں سے کسی کو اپنا تنہا اور مخصوص شغل نہیں بنایا ، بلکہ اپنے تمام علوم وفنون اور کمالات کو صرف اسی ایک فن شریف کی خدمت میں لگادیا، اس لئے یہ کہنا گویا صحیح ہے کہ اس کو تمام دوسرے علمی اور عملی کمالات صرف اسی لئے دیئے گئے تھے کہ اس فن کی تجدید ہو جو دنیا میں کس مپرسی کی حالت میں اور ہندوستان میں بہ حالت غربت تھا، جس کی حقیقت پر تہہ بہ تہہ پردے پڑگئے تھے اور جس کی تابانی پر بدعات کی ظلمت غالب آگئی تھی، اور جو خود