مکاتبت سلیمان |
|
فن تصوف کے اہم مسائل اب اس فن کے مسائل پر آئیے، مسائل اولین یہ ہیں : رذائل کیا کیا ہیں ، ان رذائل کی حقیقت از روئے قرآن وحدیث کیا ہے ، اور ان رذائل کی بیخ کنی کیوں کر ہو، ان کے بالمقابل فضائل کیا ہیں ، ان کے حقیقت کیا ہے ، اور ان کے حصول کی تدابیر کیا ہیں ، ہم غیبت سے کیوں کر بچیں ، ریا سے کیوں کر محفوظ رہیں ، جھوٹ بولنا کیوں کر ہم سے چھوٹ جائے ، اور اس کے بالمقابل صدق مقال اور اخلاص عمل کیسے پیدا ہو، توکل ، صبر وشکر ، استقامت کیسے حاصل ہو ، ہمارے قلب سے دنیا کی محبت کیسے نکلے، اور اللہ تعالیٰ کی محبت اس میں کیسے بیٹھے۔ وَتَبَتَّلْ اِلَیْہِ تَبْتِیْلاَ( خدا کی طرف سب سے کٹ جا ) اور رِجَالٌ لَاتُلْہِیْہِمْ تِجَارَۃٌ وَّلَا بَیْعٌ عَنْ ذِکْرِاللّٰہِ (ایسے لوگ جن کو بیع وفروخت وغیرہ دنیا کے اشغال خدا کی یاد سے غافل نہیں کرتے) یہ حالت ہم کو کیسے حاصل ہو اور ان فرائض قلبی کے ادا کرنے کا طریق کیا ہے ، نمازمیں قنوت یعنی خوف وخشوع کیوں کر پیداہو، اکل حلال کیا ہے ، تقویٰ کیسے ہو، ایمان باللہ تعالیٰ کیوں کر قوی ہو، دوام ذکر کیسے حاصل ہو وغیرہ۔اس فن کے ماہرین اب بھی ہیں گوکم ہیں یہاں تک تو میں نے نفس فن کی حقیقت کا ذکر کیاہے ، اور ان غلطیوں کو دور کرنا چاہا ہے جو اس کے متعلق عام لوگوں میں شائع ہیں ، اب آپ کا سوال یہ ہے کہ اب یہ کہاں ہے، سو اس کا جواب یہ ہے کہ جس طرح ہر علم وعمل کے ماہر عہد بعہد کم ہوتے جارہے ہیں ، اسی طرح اس کے بھی بہت کم ہیں ، علمائے غزنویہ امر تسر کی تعریف میں نے بھی سنی ہے ، جو محدث اور صوفی ایک ساتھ تھے ، پہلے علمائے اہل حدیث میں بھی ایسے