مکاتبت سلیمان |
|
باب۷ احوال وکیفیات ذکر کی کثرت اور خاص کیفیت مضمون :- پچھلے عریضہ کے دن سے یعنی ۶؍ رمضان المبارک سے بحمد اللہ کہ ذکر اللہ چھہ ہزار سے بڑھا کر بارہ ہزار روزانہ جاری ہے، اللہ تعالی استقامت عطا فرمائیں ۔ جواب :- آمین ، وقد فعل انشاء اللہ مضمون :- ذکر کے اوقات کے علاوہ کبھی کم اور کبھی زیادہ بلا ارادہ بلا تحریک لسان اندر سے اللہ اللہ جاری رہتا ہے، اور ذہول بھی ہوجایا کرتا ہے، مگر ذکر کے علاوہ خشیت یا محبت کی کوئی کیفیت نہیں ہوتی۔ جواب :- انفعالات غیر اختیاری ہوتے ہیں ، اور کوئی غیر اختیاری مقصود نہیں گو محمود ہوں ، ان کے ساتھ یہ معاملہ رکھنا چاہئے ، کَیْلَا تَا سَوْا عَلٰی مَا فَاتَکُمْ وَلاَ تَفْرَحُوْا بِمَا اَتَاکُمْ۔ مضمون :- الحمد للہ کہ بفضل وتوفیق الہی ذکر جاری ہے ، ایک دفعہ یہ واقعہ پیش آیا کہ زبان اس خیال سے بند ہوگئی کہ یہ گنہگار منھ اور اس سے یہ اسم اعظم واقدس ادا ہو، پھر یہ کیفیت جاتی رہی۔ جواب :- دونوں محمود ہیں ، پہلی کیفیت اس حال کا غلبہ ہے۔ ؎ اجب لنا مناجاۃ الحبیب باوجہ ولکن لسان المذنبین کلیل