مکاتبت سلیمان |
|
﷽باب ۲ سید سلیمان ندوی ؒ کی علمی وعرفانی اور احسانی زندگی از محمد زید مظاہری ندوی استاد دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ علامہ سید سلیمان ندوی رحمۃ اللہ علیہ کا علمی مرتبہ ومقام شاعر اسلام اقبال مرحوم علامہ سید سلیمان ندوی ؒ کی منقبت میں فرماتے ہیں : ’’آج سید سلیمان ندویؒ ہماری علمی زندگی کے سب سے اونچے زینے پر ہیں ، وہ عالم ہی نہیں امیر العلماء ہیں ، مصنف ہی نہیں رئیس المصنفین ہیں ، ان کا وجود علم وفضل کا ایک بہتا دریا ہے، جس سے سیکڑوں نہریں نکلی ہیں ، اور ہزاروں سوکھی کھیتیاں سیراب ہوئی ہیں ۔ ۱؎ حضرت مولانا عبد الماجد صاحب دریا آبادی آپ کی شان میں فرماتے ہیں : ایک عالم دین ایک مؤرخ ایک مقرر وخطیب، ایک ادیب، ایک مناظر ، ایک معلم ومدرس، ایک سیاسی وملی کارکن ، ایک معزز روز نامہ کے ایڈیٹر، ایک بڑی دینی درسگاہ کے ناظم، ایک بڑے تصنیفی ادارہ کے روح رواں ، ایک شاعر، ایک ناقد، یونیورسٹیوں کے ممتحن، فلاں فلاں کمیٹیوں کے ممبر، فلاں مجلس کے صدر، فلاں کے سکریٹری ، وغیرہ وغیرہ اور پبلک مسائل پر ہزار ہا فقرے ان کے قلم وزبان سے ادا ہوئے ہیں ۔ ۲؎ ------------------------------ ۱؎ تعمیر حیات ۲۵؍ نومبر ۷۴ ومقدمہ سلوک سلیمانی ، ص:۵۲۔ ۲؎ صدق جدید، لکھنؤ۔ ۸؍ جولائی ۱۹۶۰ء