مکاتبت سلیمان |
|
حیات المسلمین مواعظ کے علاوہ اس سلسلہ کی اہم کڑی ان کی کتاب حیوٰۃ المسلمین ہے ،جس میں قرآن پاک واحادیث نبویہ کی روشنی میں مسلمانوں کی دینی و دنیا وی ترقی وفلاح کا مکمل پروگرام مرتب فرمایاہے، حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے بارہا ارشاد فرمایا کہ انہوں نے اپنی ساری تصنیفات میں اس کتاب کی تالیف میں جو محنت اٹھائی،وہ کسی میں نہیں پیش آئی ،اور اسی لئے یہ بھی ارشاد ہے کہ میں اپنی ساری کتابوں میں اس کتاب کو اپنے لئے ذریعہ ٔ نجات گمان کرتاہوں ۔ اس سلسلہ کی دوسری کتابیں اصلاح الرسوم صفائی معاملات،اصلاح امت،اصلاح انقلاب امت وغیرہ ہیں ،اورہر ایک کا منشا ء یہ ہے کہ مسلمانوں کی اخلاقی، اجتماعی، معاشرتی زندگی خالص اسلامی طریق اور شرعی نہج پر ہو اور ان کے سامنے وہ صراط مستقیم کھل جائے جو ہدایت کی منزل مقصود کی طرف جاتی ہے۔ افسوس کہ اس مضمون کو جس استیعاب اور اہتمام کے ساتھ یہ ہیچمدان لکھنا چاہتا تھا، اپنی علالت و عدم صحت کی سبب سے اس کو اس طرح پورا نہ کرسکا تاہم جو کچھ ہوا وہ اگر مسلمانوں کے لیے فائدہ بخش ثابت ہو تو بہت ہے ۔ طوفان اشک لانے سے اے چشم فائدہ دو اشک بھی بہت ہیں اگر کچھ اثر کریں ۱؎ ------------------------------ ۱؎ مآثر حکیم الامتؒ ، ص:۱۸۱ تا ۲۰۵ ، معارف ج۵۳ شمارہ ۲فروری ۱۹۴۴ء