مکاتبت سلیمان |
|
ناکامی بھی نعمت ہے مضمون :- خاکسار آج دو ہفتوں سے اپنے وطن میں ہے جو ۔۔۔۔۔۔ میں ایک دیہات ہے اور جو پہلے بزرگوں کے زمانے میں علماء اور مشائخ سے معمور تھا، یوں تو خاکسار گرمیوں کے موسم میں مع اہل وعیال وطن آیا کرتا تھا، مگر اس سال مزید تقریب یہ ہے کہ خاکسار کی بڑی لڑکی کا نکاح یہاں عزیزوں میں چچا زاد بھائی سے درپیش ہے ، اللہ تعالی کی حکمت کون جان سکتا ہے کہ اس سے پہلے جب چھ ماہ قبل تاریخ مقرر ہوئی، تو لڑکے کے باپ نے وفات پائی، یہ دونوں میرے چچا زاد بھائی تھے، اور اب یہ ذمہ داری اس ناتواں کے سر ہے۔ یہ ذاتی حالات اس لئے عرض خدمت ہوئے کہ حضرت کے کلمات میرے لئے تسکین کا باعث ہوں گے۔ (انشاء اللہ تعالی) جواب :- بزرگوں سے کان میں پڑا ہے کہ جیسے مداوات میں کامیابی نعمت ہے اسی طرح ناکامی بھی نعمت ہے ، جیسے غذا کا عطا ہونا نعمت ہے اسی طرح مریض کے لئے (وکلنا مریض) دوا کا عطا ہونا نعمت ہے، اگر اس نعمت میں صحت ہے جو خود شرط لذت بھی ہے۔۱؎واقعات وحوادث میں بھی رحمت وحکمت ہے مضمون :- (بعض واقعات کے ذکر کے بعد) ان حالات وافکار نے ذہن کو منتشر کر رکھا ہے، معمولات میں بحمد للہ فرق نہیں آیا مگر خطرات وخیالات کی یورش نے ذکر ونماز کی یکسوئی اور طمانیت میں فرق ڈال دیا ہے، الا تہجد کہ وہ ہجوم افکار سے بحمد اللہ پاک ہے۔ جواب :- ایسے واقعات وتشویشات میں بھی رحمت وحکمت ہے کہ ان سے انکسار وافتقار پیدا ہوتا ہے۔ ------------------------------ ۱ ؎ النور محرم ۱۳۶۲ھ