اسلاف کی طالب علمانہ زندگی اور اصول و آداب کی مثالی رعایت |
|
تقریظ شیخ طریقت حضرت مولانامحمدقمرالزماںصاحب الٰہ آبادی دامت برکاتہم چشتی، صابری،نقشبندی، مجددی، قادری ،سہروردی باسمہ تعالیٰ حامداًومصلیاً ! مکرم مولانا حفظ الرحمن صاحب قاسمی پالن پوری کی تصنیف لطیف ’’اسلاف کی طالبعلمانہ زندگی اور اصول وآداب کی مثالی رعایت‘‘ عدیم الفرصت کی بناء پر مطالعہ تونہ کرسکا مگر اس کی تفصیلی فہرست کو بغور پڑھا، جو ماشاء اللہ طلبہ وعلماء کے لئے نہایت مفید بصیرت افروز ونصیحت آموزمعلوم ہوئی، اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ہم سب کو اس سے استفادہ کی توفیق مرحمت فرمائے۔ (آمین) اس حقیر نے بھی اس موضوع پر ایک کتاب مسمیٰ بہ ’’وصیۃ الآداب‘‘ لکھی ہے جس میں حضرت مصلح الامت مولانا شاہ وصی اللہ صاحب قدس سرہٗ سے سنے وسمجھے ہوئے بہت سے ہدایات وارشادات درج کئے ہیں، جس کو علماء ومشائخ خصوصاً حضرت محی السنۃ مولانا ابرارالحق صاحبؒ اور محدث حضرت مولانا انظر شاہ کشمیری زیدمجدہٗ نے بہت پسندیدگی کا اظہار فرمایا ، بلکہ حضرت شاہ صاحب مدظلہ نے دورۂ حدیث کے طلبہ کو اس کتاب کے مطالعہ کی طرف ترغیب دلائی ۔ اسی طرح یہ حقیر اس کتاب کے دیکھنے کے بعد تمام طلبۂ کرام کو ترغیب دیتا ہے کہ اس کا ضرور مطالعہ کریں، بلکہ اس کو حزرجان بنائیں تاکہ علم کا صحیح نفع حاصل ہو اور اللہ تعالیٰ کی رضا وخوشنودی سے سرفرازی نصیب ہو۔ وماذلک علی اللہ بعزیز والسلام محمدقمرالزماں الٰہ آبادی ۱۶؍صفرالمظفر۱۴۲۷۔ھ