اسلاف کی طالب علمانہ زندگی اور اصول و آداب کی مثالی رعایت |
|
تقریظ مفسرقرآن، محدث کبیر، فقیہ النفس حضرت مولانامفتی سعید احمدصاحب پالن پوری دامت برکاتہم استاذحدیث دارالعلوم دیوبندوشارح حجۃ اللہ البالغہ بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہٗ ونصلی علی رسولہٖ الکریم ! امابعد! قرآن کریم کا پہلا سبق تعلیم ہے، ارشاد پاک ہے اِقْرَأْ بِاسْمِ رَبِّکَ الَّذِیْ خَلَقَ، خَلَقَ الْاِنْسَانَ مِنْ عَلَقٍ، اِقْرَأَ وَرَبُّکَ الْاَکْرَمْ ، الَّذِیْ عَلَّمَ بِالْقَلَمْ ، عَلَّمَ الْاِنْسَانَ مَالَمْ یَعْلَمْ۔ اپنے اس پروردگار کے نام کی مدد لے کر پڑھ جس نے پیدا کیا ہے، انسان کو اس نے خون بستہ سے پیدا کیاہے، پڑھ اور تیرا پروردگار بڑا سخی ہے،جس نے قلم کے ذریعہ تعلیم دی ہے اور انسان کو وہ علوم سکھائے ہیں جو وہ نہیں جانتا … یہ قرآن کی پہلی وحی ہے اس سے تعلیم وتعلم کی اہمیت واضح ہے۔ …… مگر ہر کام کے کچھ آداب ہوتے ہیںآداب کا لحاظ کرکے کام کیا جائے تووہ ثمر بار ہوتا ہے ، اس وقت میرے سامنے جناب مولانا حفظ الرحمن صاحب قاسمی پالن پوری کی نہایت مفید کتاب ’’اسلاف کی طالبعلمانہ زندگی اوراصول وآداب کی مثالی رعایت‘‘ پیش نظر ہے، میں نے اس پر ایک طائرانہ نظرڈالی تو مجھے کتاب بہت ہی مفید نظر آئی، اگر مدارس اسلامیہ کے طلبہ اس کو اپنا رہ نما بنائیں اور کتاب نیز مذکورہ آداب کا لحاظ کرکے علم حاصل کریں توان کے علم میں چارچاندلگ جائیں گے علم میںبرکت بھی ہوگی، اور ان کا فیض عام وتام ہوگا، اللہ تعالیٰ اس رسالہ کو قبول فرمائیں اور مصنف کے لئے ذخیرۂ آخرت بنائیں (آمین) کتبہٗ سعید احمد عفااللہ عنہ پالن پوری خادم دارالعلوم دیوبند ۳۰؍محرم ۱۴۲۷ھ