پردیس میں تذکرہ وطن |
س کتاب ک |
|
شیخ العرب والعجم عارف باللہ مجددِ زمانہحضرتِ اقدس مولانا شاہ حکیم محمد اختر صاحب کا جنوبی افریقہ کا دسواں سفر ۲۰۰۴ ء اپریل ۲۰۰۴ء کے وسط میں حضرت مولانا عبدالحمید صاحب مع جناب یوسف ڈیسائی صاحب اور چند رفقاء کے حضرت مرشدنا ومولانا عارف باللہ شاہ حکیم محمد اختر صاحب دام ظلہم العالی کی خدمت میں چند روز قیام کے لیے کراچی حاضر ہوئے اور حضرتِ والا کو جنوبی افریقہ کے سفر کی دعوت دی۔ حضرتِ والا کا اگرچہ بوجہ بیماری سفر کا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن یہمولانا کا اخلاص تھا اور ان کے رفیقِ سفر جناب یوسف ڈیسائی صاحب کی محبت کا اثر تھا کہ ان حضرات کے اصرار پر حضرتِ والا نے جنوبی افریقہ کا سفر قبول فرمالیا اور ویزا بھی چند روز میں آسانی سے مل گیا۔ مولانا عبدالحمید صاحب کو چند روز کے لیے بنگلہ دیش جانا تھا۔ یہ طے ہوا کہ اگر سیٹیں مل گئیں تو ۱۸؍اپریل بروز اتوار حضرتِ والا مع رفقاء کے دبئی پہنچیں گے اور مولانا عبدالحمید صاحب اور یوسف ڈیسائی صاحب وہاں پہلے موجود ہوں گے اور دبئی سے یہ حضرات بھی حضرتِ والا کے ساتھ سفر کریں گے، لیکن بوجوہ اس پروگرام پرعمل نہ ہوسکا اور جمعرات ۲۲؍اپریل ۲۰۰۴ء کی سیٹیں مقرر ہوئیں۔ رات کے ساڑھے دس بجے روانگی کا تعین تھا اور اگلے دن بروز جمعہ امارات ایئر لائن سے جنوبی افریقہ کے لیے سیٹیں بُک کرالی گئی تھیں۔ جناب فیروز میمن صاحب نے عرض کیا کہ حضرتِ والا بُدھ کے دن کراچی سے دبئی کے لیے روانہ ہوجائیں اور دو دن ان کے بھائی جناب سلیم میمن صاحب کے گھر پر آرام فرمائیں