اب آیئے رحمتِ عالم ﷺ کے چند ارشادات بھی ملاحظہ کرلیں، تاکہ ان درباروں کی وقعت وحرمت کھل کر سامنے آجائے، اور جو پہلو اجاگر نہ ہوسکا ہے اس پر ایک ہلکی روشنی پڑجائے، کیا عجب ان سے وہ گرہیں کھل جائیں جو اب تک نہ کھل سکی تھیں:
مسجد اللہ کو پیاری ہے:
حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رحمتِ عالم ﷺ نے فرمایا کہ ’’رب العزت کے یہاں شہروں میں محبوب ترین مسجدیں ہیں اور مبغوض ترین بازار‘‘۔ 1
مسجد میں آنے والے اللہ کے مہمان ہیں:
ایک طرف آں حضرت ﷺ نے فرمایا کہ ’’جو مسلمان صبح وشام مسجد میں حاضر ہوتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت میں مہمانی کا کھانا تیار کرتا ہے جو جنت میں صبح وشام مہمانی پیش کی جائے گی‘‘۔2 مسجدیں چوں کہ اللہ کا گھر کہلاتی ہیں اور یہ مسلّم ہے کہ عموماً میزبان مہمان کی دعوت کرتا ہے، تو بات سمجھنے کی ہے کہ نمازی حکماً اللہ تعالیٰ کے مہمان ہوئے، لہٰذا اللہ تعالیٰ یہاں کے بدلہ وہاں جنت میں مہمانی پیش کرے گا۔
نورِ کامل کی بشارت: