ملفوظات حکیم الامت جلد 12 - یونیکوڈ |
|
مقالات حکمت ( جلد اول )------------------------------------------------------------- 56 بہشتی دروازہ میں داخل ہونے کا مطلب اولیاء اللہ کی راہ پر چلنا ہے فرمایا بعض مقام پر بہشتی دروازہ ہے ۔ میں نے اپنے استاذ علیہ الرحمہ سے دریافت کیا تھا تو فرمایا تھا کہ شاید کسی شیخ نے اپنی جماعت کے لئے بہشتی ہونے کی دعا کی اور اس وقت ان کو الہام ہوا ہو گا کہ اگر اس وقت اس راستہ سے نکل جائے تو بہشتی ہے ۔ انہوں نے ظاہر کیا ہو گا ، لوگوں نے حکم مستمر قرار دیا ۔ واللہ اعلم اور اس وعدہ بشارت میں اس دروزاہ کو کوئی دخل نہ تھا ، بلکہ ایک صورت تھی تعیین مصداق و محل اس بشارت کی ۔ ( 69 ) حال اور مقام میں فرق : فرمایا بعد تکمیل کسی کو مقام رجاء مل جاتا ہے ۔ کسی کو خوف ، کسی کو اور کچھ اور قلب میں نسبت کا رسوخ ہو جاتا ہے ۔ یہ مقامات ہیں اور احوال دوران تکمیل میں پیش آتے ہیں ۔ کوئی حال ایسا ہوتا ہے کہ اس سے بعض کا انتقال ہو گیا ۔ امام غزالی کو بھی دس برس تک قبض رہا ، اس کے بعد بے شمار علوم کا فیضان ہوا ۔ ( 70 ) طاعت کی دعا قبول نہ ہونے میں بھی حکمت ہے : فرمایا بعض اوقات انسان بعض غیر واجب طاعت کی دعا کرتا ہے اور قبول نہیں ہوتی ۔ وجہ اس کی یہ ہے کہ اس کے حق میں وہ عجب و ریا کا ذریعہ بننے والی ہو گی ۔ ان امور کو بجز حق سبحانہ و تعالی کے اور کون معلوم کر سکتا ہے ۔ بعض اوقات انسان سے گناہ ہو جاتا ہے اور وہ اس کے لئے کسی حکمت کا سبب ہوتا ہے ۔ وہ یہ کہ گاہے بعد صدور معصیت کے حزن و ندم پیدا ہوتا ہے جس سے صفائے باطن میسر ہوتا ہے ۔ ان حکم پر کون مطلع ہو سکتا ہے بجز حق تعالی جل جلالہ کے ، لیکن یہ خاص حکمت دائمی نہیں ۔ پس اس کے بھروسہ اگر کوئی اطاعت میں کبھی معصیت پر جرات کرے گا وہ زندیق ہو گا ۔