ملفوظات حکیم الامت جلد 12 - یونیکوڈ |
|
مقالات حکمت ( جلد اول )------------------------------------------------------------- 55 اولیاء اللہ نائب ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے اور یہ بات بھی سمجھنے کی ہے کہ گو متمثل نہیں ہو سکتا مگر کہہ سکتا ہے کہ میں فلاں ہوں ۔ پھر باقی رہا یہ کہ جی میں کیونکر معلوم ہوا ۔ تو بات ہے کہ مومن کا قلب قبول نہ کرے گا اگر شیطان ہو گا ۔ اور عدم تمثل کی وجہ بعض نے یہ لکھی ہے کہ حضور پرنور صلی اللہ علیہ و سلم مظہر ہیں اسم ہادی کے اور شیطان مظہر ہے اسم مضل کا ۔ پس بوجہ اس تقابل اور تضاد کے شیطان متمثل نہیں ہو سکتا ۔ ( 65 ) صحابی ہونے کے لئے عہد نبوت کا ہونا بھی ضروری ہے : فرمایا کہ خواب یا بیداری میں کشف کی وجہ سے جو رویت آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی ہوتی ہے اس سے آدمی صحابی نہیں ہوتا ۔ اس فضیلت میں عہد نبوت کو بھی دخل ہے ۔ ( 66 ) نسبت مالک حقیقی سے تعلق خاص کا نام ہے : فرمایا : نسبت کی حقیقت یہ ہے کہ مالک کے ساتھ ایک خاص لو لگ جائے اور یہ بات سینہ بہ سینہ آ رہی ہے ۔ بغیر صحبت کامل میسر نہیں ہوتی ، اور جو چیز سینہ بہ سینہ مشہور ہے کہ اہل اللہ کے پاس ہے وہ یہی ہے ۔ ( 67 ) مکمل گوشہ نشینی اختیار کرنا مناسب نہیں : فرمایا : کہ آدمی کو بالکل گوشہ نشین ہونا ٹھیک نہیں ۔ ہر کام کو اپنے اوقات مقررہ پر کرے ۔ دنیا کا کام اپنے وقت میں ، درود و وظائف اپنے وقت میں ، حتی کہ گاہ گاہ لطیف اور مختصر مزاح بھی اپنے اور دوسرے مسلمان کی تفریح اور تطییب قلب کے لئے اپنے موقع میں کر لینا مفید ہے ۔ اس طرح پر سب کام چلتا رہے گا ، ورنہ بالکل گوشہ نشین ہونے سے بعض اوقات طبیعت میں شوق اور امنگ کا مادہ ضعیف ہو جاتا ہے اور بدون اس کے کام چلنا دشوار ہے ۔