ملفوظات حکیم الامت جلد 12 - یونیکوڈ |
|
مقالات حکمت ( جلد اول )------------------------------------------------------------- 131 بروز ترقی ہو اور اس کی کوئی انتہا نہیں ہے ۔ ع نہ حسنش غایتی دارد نہ سعدی را سخن پایاں بمیرد تشنہ مستسقی و دریا ہمچناں باقی ! اور اس آیت شریفہ میں ان دونوں مرتبوں کی طرف اشارہ پایا جاتا ہے ۔ انی ذاھب الی ربی سیھدین ۔ کیونکہ ذہاب الی الرب سیر الی اللہ ہے اور اس پر جو ہدایت کو متفرع فرمایا ہے یہ کوئی چیز اس کے بعد کی ہے اور اس کے بعد سیر فی اللہ ہوتی ہے ۔ ( 80 ) بغیر اجازت کسی کی تحریرات کو دیکھنا گناہ ہے : فرمایا کہ اگر کسی کے پاس جا کر بیٹھو تو اس کی تحریرات کو نہ دیکھو ۔ ممکن ہے کہ ان میں کوئی بات پوشیدہ رکھنے کے قابل ہو ، بلکہ اگر اس کے پاس کوئی مطبوعہ کتاب بھی رکھی ہو تو اس کو بھی نہ دیکھو ۔ کیونکہ بسا اوقات باوجود کتاب کے مضامین مشتہر اور غیر مخفی ہونے کے انسان اس کی کوشش کرتا ہے کہ اس کتاب کا میرے پاس ہونا دوسروں کو معلوم نہ ہو ۔ پس کتاب کے دیکھنے میں اس شخص کی اس مصلحت کو فوت کرنا ہے ۔ ( 81 ) مشغول شخص کے سامنے بیٹھ کر اس کا انتظار نہ کرنا چاہئے : فرمایا کہ اگر کوئی شخص کسی کام میں مشغول ہو اور تم کو اس کا انتظار کرنا ہو تو اس کے سامنے بیٹھ کر انتظار نہ کرو ، کیونکہ ممکن ہے اس سے اس کی طبیعت میں انتشار پیدا ہو جائے اور اپنے کام کو اچھی طرح نہ کر سکے ، بلکہ دور ایسی جگہ بیٹھ کر انتظار کرنا چاہئے کہ جہاں سے وہ تم کو نہ دیکھ سکے ۔ پھر جب وہ فارغ ہو تو اس کے پاس جا بیٹھو اور جو کہنا ہو کہو ۔