ملفوظات حکیم الامت جلد 12 - یونیکوڈ |
|
مقالات حکمت ( جلد اول )------------------------------------------------------------- 45 ( 48 ) ہر جمائی شیطان کی طرف سے نہیں : ایک شخص نے عرض کیا کہ نماز میں جمائی آتی ہے ۔ فرمایا حدیث شریف میں التثاوب من الشیطان آیا ہے ۔ لیکن اگر نماز میں ذوق شوق ہو اور اس حالت میں جمائی آئی تو شیطان کی طرف سے نہ سمجھنا چاہئے ۔ بلکہ وہ اسباب طبعیہ سے ہے اور التثاوب من الشیطان قضیہ مہملہ ہے ، قوت میں جزئیہ کے ہے اور کل تثاوب من الشیطان نہیں فرمایا ۔ ( 49 ) جذب و محبت سرمایہ سالک ہے : فرمایا شیطان جو مردود ہوا وجہ یہ ہوئی کہ سالک محض تھا ۔ جذب و محبت کا مادہ اس میں بالکل نہ تھا ۔ اور اگر جذب ہوتا تو ایسی بے ادبی سے اعتراض نہ کرتا ۔ سالک محض کی حالت خطر سے خالی نہیں ۔ لوگوں کو چاہئے کہ مادہ جذب کا بھی پیدا کریں ۔ جس کا طریق کثرت ذکر و صحبت اہل محبت ہے ۔ ( 50 ) اسوہ صرف آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی ذات گرامی ہے : فرمایا بزرگوں سے بعضے امور منقول ہیں ۔ اس میں مصلحتیں ہیں ۔ یا کچھ دواعی خاص ہیں ۔ مگر آجکل درویشوں نے ایسا غلو کر لیا ہے کہ حدود شرعیہ سے متجاوز ہو گئے ہیں ۔ اور شرع شریف کا مطلقا لحاظ نہیں کیا ۔ حضور صلی اللہ علیہ و سلم کیا بیکار مبعوث ہوئے تھے ؟ یاد رکھو بغیر شریعت ہر گز نجات نہیں ہے ۔ آج کل کے قلندر لوگ جو داڑھی منڈاتے ہیں ، اس کی یہ وجہ بتاتے ہیں کہ ہمارے خاندان کے شیخ نے ایسا کیا تھا ۔ حالانکہ یہ بات غلط ہے ۔ بات یہ ہوئی تھی کہ کوئی شیخ لڑکپن سے ریاضت و مشاہدے میں مشغول تھے ۔ بعض ریاضات سے بعضے مواد کو ایسا غلبہ ہوتا ہے کہ بال جھڑ جاتے ہیں یا جمتے نہیں ۔ ان شیخ کے بال نہ جمے تھے ۔ اب غیر اختیاری ہیئت میں اتباع شیخ کرنے لگے ۔ حالانکہ شیخ کا قصدی فعل نہ تھا ۔