ملفوظات حکیم الامت جلد 12 - یونیکوڈ |
|
مقالات حکمت ( جلد اول ) ------------------------------------------------------------- 190 ( 56 ) مختلف العقائد لوگوں کے جلسے میں شرکت نہیں کرنی چاہئے : اٹاوہ سے خط آیا کہ حضور جلسے میں ضرور شریک ہوں اور اس جلسہ میں قادیانی اور شیعہ وغیرہ بھی شریک ہوتے تھے ۔ اور خط میں یہ بھی لکھا تھا کہ اگر حضور سب کے ساتھ شریک نہ ہوں تو اوروں کی تقاریر کے وقت حضور کو وہاں نہیں رکھیں گے ۔ حضور علیحدہ رہیں ۔ مولانا نے فرمایا کہ لوگ اس قدر نہیں سمجھتے کہ جن مخالفین کو مدعو کیا اور مقتدائے جلسہ بنایا کل کو اگر وہ اپنے عقائد سکھانے لگیں تو اس کے انسداد کا کیا طریق ہو گا ؟ لوگ اس قسم کی کاروائی صرف شہرت اور نمود کے لئے کرتے ہیں ۔ مخالفین کا اسلامی جلسوں میں کیا کام ؟ سوائے ضرر کچھ نہیں ہوتا اور اگر میں جلسے کے وقت شریک بھی نہ ہوں تو یہ کب ہو سکتا ہے کہ ایک جگہ گمراہی پھیل رہی ہو اور میں اسی شہر میں حجرے میں بیٹھا رہوں ۔ مولانا نے جواب یہ لکھا کہ کیا آپ میرے وعظ کا جلسہ اس کے بعد نہیں کر سکتے ۔ اگر ایسا کریں تو میں آ سکتا ہوں ۔ ( 57 ) محبت کی کشش عقیدت سے زیادہ ہے : مولانا نے فرمایا کہ مجھ کو بہ نسبت عقیدت کے محبت زیادہ پسند ہے ۔ کیونکہ عقیدت خیالی چیز ہے ، ذرا میں زائل ہو جاتی ہے اور محبت زائل نہیں ہوتی ۔ چنانچہ ایک شخص نصرانی کی لڑکی پر عاشق ہو کر نصرانی ہو گئے تو ان کے مریدوں نے جو عقیدت مند تھے ان کا ساتھ چھوڑ دیا ۔ دوسرے مرید جو ان کے ساتھ محبت رکھنے والے تھے خبر پا کر بہت سے لوگوں کو ہمراہ لے کر وہاں پہنچے اور رات بھر اللہ تعالی سے ان کے لئے دعا کی اور شیخ کی حالت درست ہو گئی ۔ دیکھئے کہ باوجود نصرانی ہونے کے بھی ساتھ نہ چھوڑا اور ان کو نفع پہنچایا ۔