ملفوظات حکیم الامت جلد 12 - یونیکوڈ |
|
مقالات حکمت ( جلد اول ) ------------------------------------------------------- 17
مقالات حکمت
متعلقہ دعوات عبدیت ( حصہ اول )
( 1 ) شیخ کے پاس ہدیہ لے جانا ضروری نہیں :
ایک دفعہ ارشاد فرمایا کہ بعض لوگ جو التزام کرتے ہیں کہ جب شیخ کے پاس جائیں کچھ نہ کچھ ہدیہ ضرور پیش کریں ، اس میں دو خرابیاں ہیں ۔ ایک کا تو نقصان طالب کو پہنچتا ہے ۔ مثلا یہ کہ اتفاق سے کچھ ہدیہ موجود نہیں اور شیخ سے ملنے کو جی چاہا تو رہ گئے ، نہ ملے ۔ دوسری خرابی شیخ کے حق میں یہ متصور ہو سکتی ہے کہ جب ان پر نظر پڑی ، جی میں خیال آیا کہ کچھ ملے گا ۔ اسی ضمن میں یہ بھی ارشاد ہوا کہ بعض لوگ جو مصافحہ کرتے ہوئے روپیہ ہاتھ میں دے دیتے ہیں ، یہ پسندیدہ نہیں ۔ کیونکہ مصافحہ سنت ہے اور اس سنت اور عبادت کا اجتماع اور تلوث ایسی چیز کے ساتھ ٹھیک نہیں جو صورت میں دنیا ہو ۔
( 2 ) اپنے پیر سے مرید ہونے کی ترغیب دینا مناسب نہیں :
ارشاد ہوا کہ مرید کو یہ نہ چاہئے کہ اپنے شیخ سے لوگوں کو مرید ہونے کی ترغیب دے ۔ اس سے عوام کو شیخ کے حق میں بدگمانی پیدا ہو جائے گی ۔ وہ یہ سمجھیں گے کہ اس نے اپنے چیلے چھوڑ رکھے ہیں کہ لوگوں کو گھیر گھار کر لائیں ۔ اور اولیاء اللہ سے بدگمانی سخت ہلاکت کا موجب ہے ۔ البتہ شیخ کے کمالات بیان کرنے میں مضائقہ نہیں ۔