ملفوظات حکیم الامت جلد 12 - یونیکوڈ |
|
مقالات حکمت ( جلد اول )------------------------------------------------------------- 137 سبلنا ۔ اور دوسری جگہ ارشاد ہے : انلزمکموھا وانتم لھا کرھون ۔ یہ ملفوظ اس پر بیان کیا کہ جو شخص اپنی اصلاح نہ چاہے شیخ اس کی اصلاح نہیں کر سکتا ۔ ( 90 ) کافر عقلا بھی عذاب مخلد کا مستحق ہے : فرمایا کہ کفار کو جو عذاب مخلد ہو گا اس کی وجہ یہ ہے کہ کفر اضاعت ہے حقوق خداوندی کی اور خدا تعالی کے صفات غیر متناہی ہیں اور ہر صفت کا ایک حق ہے ۔ تو کافر نے حقوق غیر متناہی کو ضائع کیا ۔ جس پر غیر متناہی عذاب مرتب ہونا چاہئے ۔ اور اس کا مقتضاء عقلا یہ تھا کہ معصیت میں بھی عذاب مخلد ہوتا ، لیکن یہ خدا تعالی کا فضل ہے کہ اس نے معاصی غیر کفر میں سزائے مخلد نہیں دی ۔ ( 91 ) ہر کس و ناکس ذکر و شغل کا اہل نہیں : فرمایا کہ پہلے شیوخ عوام کو اذکار و اشغال نہ بتلاتے تھے ، بلکہ صرف اوراد بتلانے پر اکتفا کرتے تھے ۔ آج کل صوفیاء میں عجب گڑبڑ ہے کہ وہ ہر کس و ناکس کو ذکر و شغل میں لگا دیتے ہیں جس سے برے برے نتائج پیدا ہوتے ہیں اور وہ لوگ طرح طرح کی غلطیوں میں مبتلا ہو جاتے ہیں ۔ فرمایا کہ بعض اوقات پڑھے لکھے لوگوں کو بھی وہ غلطی پیش آتی ہے کہ ان کو اس سے نکلنا مشکل ہو جاتا ہے ۔ چنانچہ چند روز کا واقعہ ہے کہ میں قصبہ کاندھلہ گیا ۔ میرے بعد تھانہ بھون میں ایک صاحب علم ذاکر کو ایک سخت حالت پیش آئی اس میں انہوں نے یہ حرکت کی کہ ایک وقت کی جماعت بھی اس وجہ سے چھوڑ دی کہ عین جماعت کے وقت ان پر یہ حالت طاری تھی کہ وہ سمجھے جماعت میں مشغول ہونے سے یہ حالت نہ رہے گی ۔ جب میں کاندھلھ سے آیا تو انہوں نے مجھ سے کہا ۔ میں نے سمجھایا کہ جماعت کے مقابلہ میں اس کی کچھ بھی حقیقت نہیں ۔