دوسری فصل
امام ابو حنیفہ کی معاشی سرگرمیاں
امام صاحب ایک صاحب ثروت گھرانے کے چشم وچراغ تھے، آپ کے یہاں مال ودولت کی فراوانی تھی، فقروفاقہ اور تنگ دستی سے نا آشنا تھے، آپ کے آباء واجداد خز(ریشم کے کپڑے) کے بڑے تاجر تھے، امام صاحب نے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد آبائی کاروبار کو خوب ترقی دی، اللہ تعالیٰ نے جس طرح آپ کو علم وتقویٰ اور فضل وکمال میں یکتا بنایا تھا، حدیث وفقہ میں امامت کے منصب پر فائز کیا تھا، اسی طرح آپ کو معاشی زندگی میں بھی اپنے ہم عصروں پر فوقیت دی تھی، آپ نہ صرف بڑے تاجر تھے؛بلکہ تجارتی اصولوں سے اچھی طرح واقف تھے، اسی بنیاد پر آپ نے تجارت میں حیرت انگیز ترقی کی تھی، پیش نظر مضمون میں آپ کی معاشی سرگرمیوں کا جائزہ لے کر آپ کے تجارتی اصول اور معاشی زندگی میں آپ کے کارناموں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا جائے گا۔
امام صاحب کے تجارت کی نوعیت
امام صاحب خاندانی اعتبار سے تجارت پیشہ تھے، تجارتی اصول سے اچھی طرح واقف تھے، آپ کی تجارت بہت وسیع تھی، کوفہ میں ریشم کا بہت بڑا کارخانہ تھا، جہاں ریشم اور ریشمی کپڑے تیار کئے جاتے تھے، آپ کی تجارت مختلف انداز میں کوفہ اور دوردراز ملکوں میں پھیلی ہوئی تھی، امام صاحب کی تجارتی تفصیلات کا صحیح اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ہے، البتہ مولانا گیلانی اس سلسلے میں لکھتے ہیں کہ:
چار چیزیں اس باب میں معلوم ہوتی ہیں: (۱) پہلی بات تو یہی کہ امام