امام ابو حنیفہ کا علمی مقام ومرتبہ
امام ابو حنیفہ فقہ اسلامی کے وہ عظیم سپوت ہیں جنھوں نے فقہ اسلامی کو لعل و گہرسے مالا مال کردیا ، آپ اس میدان کے امام وقدوہ اور اس بحر کے سب سے بڑے غواص ہیں، علوم اسلامی کے سرتاج و بے تاج بادشاہ اور اجتہاد و استنباط کے استاذ الاساتذہ ہیں،فقہ میں آپ کا امتیاز مسلم ہے،امام شافعی نے جن کو فقہ حنفی سے استفادہ کابہت زیادہ موقع ملا ہے کھلے لفظوں میں امام صاحب کی مرجعیت اور اس باب میں آپ کی اولیت کا اعتراف کیا ہے۔
من أراد أن یعرف الفقہ فلیلزم أبا حنیفۃ وأصحابہ فإن الناس عیال علیہ في الفقہ۔(۱)
جو شخص فقہ حاصل کرنا چاہے وہ امام ابو حنیفہ اوران کے اصحاب کو لازم پکڑلے کیوں کہ تمام لوگ فقہ میں ان کے خوشہ چین ہیں۔
امام الجرح والتعدیل یحییٰ بن قطان نے امام صاحب کے علومِ قرآن وسنت میں تبحر اور وسعت ِمعلومات کا اعتراف ان وقیع کلمات سے کیا ہے ۔
إنہ واللہ لأعلم ہذہ الأمۃ بما جاء عن اللہ ورسولہ ۔ (۲)
واللہ امام ابو حنیفہ اس امت میں خدا اوراس کے رسول سے جو کچھ وارد ہوا ہے اس کے سب سے بڑے عالم ہیں۔
سرتاج محدثین عبد اللہ بن مبارک جن کو شرف تلمذ کی بنا پر قریب سے امام صاحب کو دیکھنے اور پرکھنے کا موقع ملا ہے ،فرماتے ہیں:
لولا أن اللہ قد أدرکنی بأبي حنیفۃ وسفیان لکنت بدعیا ۔(۳)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
(۱) خطیب بغدادی، ابو بکر احمد بن علی ،تاریخ بغداد :۱۳؍۳۴۶دار الکتب العلمیہ بیروت۱۹۹۷ء
(۲) مقدمۃ کتاب التعلیم :۱۳۴ (۳) مناقب ابی حنیفہ للذہبی ص: ۱۸