پہلی فصل
امام ابو حنیفہ محدثین اور ائمہ جرح وتعدیل کی نظر میں
امام اعظم ابو حنیفہ حدیث میں امام المحدثین ہیں، جس طرح آپ فقہ میں سید الفقہاء اور امام الفقہاء ہیں،اسی طرح آپ حفظ حدیث اور جرح وتعدیل میں اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیں، حدیث میں آپ کی کتاب’’ مسند امام اعظم‘‘ آپ کی جلالت شان کے منکرین کے لئے بین ثبوت ہے، امام صاحب کے معاصرین اور ہردور کے محدثین اور ائمہ جرح وتعدیل نے آپ کی عدالت، ثقاہت اور حفظ حدیث میں بلند مقام کی گواہی دی ہے، علم حدیث میں آپ کی عظمت ِمکان اور رفعت ِشان کے لئے علماء نے متعدد کتابیں بھی تصنیف کی ہیں، جس میں بڑی وضاحت اور بہت ہی بسط وتفصیل کے ساتھ آپ کے مقام ومرتبہ کا ذکر کیا گیا ہے،ذیل میں محدثین اور ائمہ جرح وتعدیل کے اقوال کے ذریعہ آپ کے بلند مقام کو بیان کرنے کی ادنی کوشش کی گئی ہے، محدثین ،احادیث اور روایت کے سلسلے میں بہت ہی محتاط ہیں اورمبالغہ آرائی سے حتی ا لامکان گریز کرتے ہیں،انہوں نے راویان حدیث کا تذکرہ بھی احتیاط اور منصفانہ انداز میں کیا ہے، اس پس منظر میں ائمہ جرح وتعدیل کے اقوال کو ملاحظہ فرمائیں، ان شاء اللہ امام صاحب کے علم حدیث میں مقام ومرتبہ کا اندازہ لگانا آسان ہوگا، لیکن جس کی آنکھیں ہی بند ہوں یاجس کی بینائی ہی ختم ہوچکی ہو یا جس کی آنکھ پر تعصب کا موٹا چشمہ لگا ہو وہ دیکھنے کی ہزار کوشش کے باوجود امام صاحب کے بلند مقام کو نہیں پاسکتا ہے۔