پہلی فصل
امام ابو حنیفہ کی سیرت کے چند نقوش
حضرت امام ابو حنیفہ کی ولادت اموی خلیفہ عبد الملک بن مروان کے زمانے میں ۸۰ھ میں کوفہ میں ہوئی، آپ کا نام نعمان بن ثابت تھا، آپ ایک عجمی النسل خاندان سے تعلق رکھتے تھے،آپ کے دادا ایران سے ہجرت کرکے کوفہ تشریف لائے اور کوفہ ہی کو اپنا وطن بنایا، کوفہ حضرت علیؓکے زمانہ میں ہی علم وتحقیق کا مرکز بن چکا تھا، حضرات صحابہؓ کی بہت بڑی جماعت کوفہ میںقیام پذیر تھی، حرمین شریفین کے بعد کوفہ سب سے بڑا علمی وروحانی مرکز تھا۔
نام ونسب
امام صاحب کا نام بالاتفاق نعمان بن ثابت ہے اور کنیت ابو حنیفہ ہے،البتہ دادا کا نام بعض حضرات نے نعمان اور بعض حضرات نے زوطی بن ماہ بتایا ہے، امام صاحب کے پوتے اسماعیل کا بیان ہے کہ میرا نام اسماعیل بن حماد بن نعمان بن ثابت بن نعمان بن مرزبان ہے، ہم لوگ ابنائے فارس یعنی فارسی النسل ہیں، واللہ کبھی ہمارا خاندان غلام نہیں تھا، میرے دادا ابو حنیفہ ۸۰ھ میں پیدا ہوئے، پردادا ثابت بچپن میں حضرت علیؓ کی خدمت میں گئے، آپ نے ان کے اور ان کی اولاد کے حق میں خیروبرکت کی دعا فرمائی، ہم سمجھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت علیؓ کی یہ دعا قبول فرمائی(۱) آپ کے والد اور ان کے حالات زندگی کازیادہ پتہ نہیں چلتا ہے، بعض سوانح نگاروں نے لکھا ہے کہ آپ ایک متمول تاجر اور بہت
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
(۱) تہذیب التہذیب، باب من اسمہ نعمان ۱؍۴۴۹