انوار رمضان |
ضائل ، ا |
|
﴿دسواں عمل : ہر قسم کے گناہوں سے بچنا﴾ رمضان المُبارک کا ایک اہم ترین کام بلکہ اُسے رمضان کا سب سے اہم اور ضروری کام کہا جاسکتا ہے وہ ”ترکِ مُنکَرات“ہے،یعنی ہر قسم کےظاہری و باطنی گناہوں سے بالکلیہ اجتناب کرنا،بلکہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے تو روزوں کی فرضیت کا مقصد ہی یہ بتلایا ہے کہ لوگ گناہوں سے بچنے والے بن جائیں۔(البقرۃ) اِسی لئے روزے میں جائز اور حلال چیزیں ترک کروادی جاتی ہیں تاکہ حرام اور ناجائز چیزوں کا ترک کرنا اور بھی زیادہ آسان ہوجائے۔ ایک روایت میں ہے،نبی کریمﷺکا اِرشاد ہے:رمضان المُبارک کی پہلی رات میں جنّت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور اُس کا کوئی دروازہ بند نہیں ہوتا، اور ایک مُنادی صدا لگاتا ہے :”يَا بَاغِيَ الْخَيْرِ! أَقْبِلْ،وَيَا بَاغِيَ الشَّرِّ!أَقْصِرْ“ اے خیر کے طلبگار! متوجّہ ہوجا اور اے شرّ کے طلبگار !باز آجا۔(ترمذی :682) اِس حقیقت کو بہت اچھی طرح سمجھ لینا اور یاد رکھنا چاہیئے کہ ”ترکِ مُنکَرات“یعنی گناہوں کو چھوڑنا عبادت کی سب سے اہم شکل ہے ، جس کو عموماً دین کی صحیح سمجھ نہ ہونے کی وجہ سے عبادت ہی نہیں سمجھا جاتا، حالآنکہ یہ صرف عبادت ہی نہیں بلکہ افضل ترین عبادت ہے ، نبی کریمﷺنے گناہ سے بچنے کو افضل ترین عبادت قرار دیا ہے، چنانچہ اِرشادِ نبوی ہے:”اتَّقِ الْمَحَارِمَ تَكُنْ أَعْبَدَ النَّاسِ“ حرام کردہ کاموں سے بچو تم سب سے بڑے عبادت گزار بن جاؤ گے۔(ترمذی: 2305)