انوار رمضان |
ضائل ، ا |
|
﴿تَراویح کے فضائل﴾ تَراویح رمضان المُبارک میں عشاء کی نماز کے بعد پڑھی جانے والی وہ عظیم نماز ہے جس میں اللہ تعالیٰ کے نیک بندےقرآن کریم از اوّل تا آخر پڑھتے اور سنتے ہیں ،نبی کریمﷺنے اِسے سنّت قرار دیا ہے اور اِس کے پڑھنے کی ترغیب دی ہے، ذیل میں اِس کی اہمیت کو سمجھنے کیلئے تراویح کے چند فضائل ملاحظہ فرمائیں: (1)تراویح کا اہتمام گناہوں کی بخشش کا ذریعہ ہے : حضرت ابوہریرہ فرماتے ہیں کہ نبی کریمﷺ نے اِرشاد فرمایا:”مَنْ قَامَ رَمَضَانَ إِيْمَانًا وَاحْتِسَابًا،غُفِرَلَهُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِهِ“ جس نے رمضان المُبارک میں ایمان کی حالت میں اجر و ثواب کی امید رکھتے ہوئے قیام کیا یعنی تراویح پڑھی اُس کے پچھلے تمام گناہ معاف کردیے جاتے ہیں ۔(بخاری:2009) حضرت قتیبہ کی ایک روایت میں”وَمَا تَأَخَّرَ“ کے الفاظ بھی نقل کیے گئے ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ پچھلے گناہوں کے ساتھ ساتھ اگلے گناہوں کی بھی مغفرت ہوجاتی ہے۔ (السنن الکبریٰ للنسائی :2523) اگلے پچھلے گناہوں کی معافی کا مطلب : محدّثِ کبیر علّامہ ابن حجر عسقلانی فرماتے ہیں: پچھلے گناہوں کی معافی تو واضح ہے ، اگلے گناہوں کی معافی کا مطلب یہ ہے کہ اگر گناہ ہوجائیں تو اللہ تعالیٰ کی جانب سے معاف کردیا جائے گا اور دوسرا مطلب یہ ہے کہ آئندہ اللہ تعالیٰ کبیرہ گناہوں سے محفوظ رہنے کی توفیق عطاء فرمائیں گے۔(فتح الباری :4/252)