انوار رمضان |
ضائل ، ا |
|
﴿ عید الفطرکے دن کے فضائل﴾ عید الفطر صرف ایک خوشی اور مسرّت ہی کا دن نہیں بلکہ یہ دن اللہ تعالیٰ کی رحمتوں اور برکتوں کو لوٹنے اور مغفرت کے خزانوں کو سمیٹنے کا دن ہے ، اِس لئے اِس دن کی حیثیت صرف ایک رسمی خوشی اور رَواجی مسرّت کے دن کی نہیں بلکہ یہ ایک مذہبی تہوار اور دینی و ملّی شعار کا دن ہے، اِسی لئے مسلمان اِس دن کی اِبتداء ہی اللہ کے حضور حاضر ہوکر دو رکعت کی ادائیگی کے ذریعہ کرتے ہیں۔ ذیل میں اِس کے فضائل کو ملاحظہ فرمائیں اور اِس دن کی قدر کرنے کی کوشش کریں : (1)عید الفطر کا دن انعام ملنے والا دن ہے : جس طرح عید الفطر کی رات کو ”لیلۃ الجائزہ“ کہا جاتا ہے اِسی طرح عید الفطر کے دن کوحدیث میں”یوم الجوائز“ ”انعامات ملنے والا دن“ کہا جاتا ہے،کیونکہ اس دن اللہ تعالیٰ پورے مہینے کا انعام دے رہے ہوتے ہیں۔ حضرت ابن عباسسے موقوفاً مَروی ہے :”يَوْمُ الْفِطْرِ يَوْمُ الْجَوَائِزِ“ عید کا دن”یوم الجَوَائِز“ یعنی انعام ملنے والا دن ہے۔(کنز العمال :24540) (2)عید الفطر مسلمانوں کا مذہبی طور پر خوشی کا دن ہے : نبی کریمﷺکا اِرشاد ہے :”إِنَّ لِكُلِّ قَوْمٍ عِيدًا وَهَذَا عِيدُنَا“ بیشک ہر قوم کیلئے عید کا دن ہوتا ہے اور یہ ہمارا عید کا دن ہے۔(بخاری:952)