انوار رمضان |
ضائل ، ا |
|
(14)روزہ جسم کی صحت اور زکاۃ ہے : روزے میں اللہ تبارک و تعالیٰ نے انسانوں کے بہت سے جسمانی فوائد بھی مُضمر رکھے ہیں ، سال بھر کھاکھاکر جسم بہت سی بیماریوں کا شکار اور طرح طرح کی کثافتوں کی وجہ سے بوجھل ہوجاتا ہے ، اللہ تعالیٰ نے سال کے ایک مہینے میں روزہ رکھ کر لوگوں پر بڑا احسان کیا ہے ، کیونکہ یہ بہت سی بیماریوں کے پیدا ہونے میں رکاوٹ ہے اوراِس میں پہلے سے موجود کئی بیماریوں کا علاج بھی ہے۔روزے کے جسمانی اور طبی فوائد بھی بعض احادیث میں ذکر کیے گئے ہیں، چند فوائد ملاحظہ ہوں : حضرت ابوہریرہ نبی کریمﷺکا یہ اِرشاد نقل فرماتے ہیں:”عَلَى كُلِّ شَيْءٍ زَكَاةٌ، وَزَكَاةُ الْجَسَدِ الصِّيَامُ“ ہر چیز پر زکوۃ لازم ہے اور جسم کی زکوۃ روزہ ہے ۔(شعب الایمان:3299)(ابن ماجہ :1745) حضرت علی کرّم اللہ وجہہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺسے سنا کہ اللہ تعالیٰ نے بنی اِسرائیل کے کسی نبی کی طرف وحی بھیجی کہ آپ اپنی قوم کو بتادیجئے :”لَيْسَ عَبْدٌ يَصُومُ يَوْمًا ابْتِغَاءَ وَجْهِي إِلَّا صَحَّحْتُ جِسْمَهُ وَأَعْظَمْتُ أَجْرَهُ“ کوئی بندہ میری رضاء کیلئے ایک دن کا روزہ بھی رکھتا ہے تو میں اُس کے جسم کو صحیح کرتا ہوں اور اُس کے اجر کو بڑھاتا ہوں۔(شعب الایمان:3638) حضرت ابوہریرہ سے نبی کریمﷺکا یہ اِرشاد منقول ہے:”اُغْزُوا تَغْنَمُوا وَصُومُوا تَصِحُّوا وَسَافِرُوا تَسْتَغْنُوا“ جہاد کیا کرو تمہیں مالِ غنیمت حاصل ہوگا، روزے رکھوصحت مند رہو گے، سفر کرو تم مستغنی ہوجاؤ گے۔(طبرانی اوسط:8312)