گلدستہ سنت جلد نمبر 3 |
صلاحی ب |
|
اور اگر سینوں میں سِل ہے تو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ایک شخص نے نبی کریمﷺ سے پوچھا یا رسول اللہ! مؤمن آدمی کو سب سے زیادہ بہترین چیز کیا دی گئی؟ نبی ﷺ نے اِرشاد فرمایا: اخلاقِ حسنہ۔ (یہ سب سے بہترین نعمت دی گئی ہے) پھر پوچھا گیا کہ سب سے بدترین چیز کیا دی گئی ہے؟ نبی ﷺ نے فرمایا: دل تو سیاہ ہو، لیکن شکل اچھی ہو (کہ اپنے آپ کو دیکھے تو خوش ہوجائے)۔ (بیہقی فی الشعب: 235/6) دل سیاہ، کالا ہو اور صورت اچھی ہو، اپنے آپ کو دیکھے تو خوش ہوجائے۔ اپنے آپ کو دیکھنے کا کیا مطلب؟ آج کے زمانے کے لحاظ سے موبائل فون میں دیکھے، اپنے آپ کو تصویر میں دیکھے، اپنے آپ سے خوش ہوجائے، Selfy بنائے تو خوش ہوجائے کہ میں بہت اچھا لگ رہا ہوں یا اچھی لگ رہی ہوں۔ لیکن اگر دل سیاہ ہے تو یہ اللہ ربّ العزّت کے ہاں کسی قیمت کا نہیں۔ اللہ ربّ العزّت ہمیں ایسی بات سے محفوظ فرمائے کہ دل ہمارا سیاہ ہواور چہرہ ہمارا خوبصورت ہو آمین۔نیک سیرت کی ضرورت ہے اصل چیز تو نیک اعمال ہیں۔ اس کے لیے اپنے دل کو بنانے کی ضرورت ہے، دل پہ محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ یقین کیجیے! سیرت اگر اچھی ہو تو یہ صورت کے اوپر ترقی کر جاتی ہے۔ اگر کسی کی خوبصورتی اتنی نہیں تو اسے چاہیے کہ اپنی سیرت کو بنالے۔ سیرت اگر بُری ہو تو صورت کو کیا کریں؟ آنکھوں میں کیا جچے گا جو دل سے اُتر گیا۔ لوگوں کے دل میں جگہ بنانے کے لیے سیرت کو بنانا پڑتا ہے۔ اسی لیے فرمایا کہ بدترین چیز یہ ہے کہ قلب سیاہ، لیکن صورت اچھی ہو۔ ہر قسم کا میک اَپ کرکے، ہر قسم کے اچھے کپڑے پہن کر اپنے آپ کو خوبصورت ظاہر میں تو بنالیتے ہیں لیکن اپنے دل پر محنت نہیں کرپاتے۔