گلدستہ سنت جلد نمبر 3 |
صلاحی ب |
|
محبت کا اور بھائی چارے کا برتاؤ کرنا، لوگوں کے ساتھ نرمی کا معاملہ کرنا یہ بہترین اخلاق ہیں۔ یہ وہ اخلاق ہیں جن کی وجہ سے جنت کی بڑی بڑی نعمتیں ملا کرتی ہیں۔ اور یہ بھی لکھا ہے کہ لوگوں سے خندہ پیشانی سے ملنا، نرمی کا معاملہ کرنا یہ اخلاق میں سے ہے۔ پھر ایک جگہ یہ فرمایا کہ مختلف قسم کی طبیعتیں ہوتی ہیں، مختلف مزاج ہوتے ہیں۔ ہر بندے کی طبیعت اور مزاج کو سامنے رکھتے ہوئے، اس کی رعایت کرتے ہوئے ان کے ساتھ خوشگواری کا برتاؤ کرنا یہ حُسنِ اخلاق میں سے ہے۔حدیثِ عمرو بن عَبَسَہ رضی اللہ عنہ ایک صحابی حضرت عمرو بن عبسہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں آقاﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور میں نے پوچھا: اے اللہ کے نبی! آپ کی کن کن لوگوں نے اتباع کی ہے؟ نبیﷺ نے فرمایا کہ آزاد لوگوں نے بھی کی ہے اور غلاموں نے بھی کی ہے یعنی تمام قسم کے لوگوں نے کی ہے۔ پھر میں نے پوچھا: یارسول اللہ! اسلام کیا ہے؟ نبیﷺ نے ارشاد فرمایا: عمدہ کلام یعنی اچھی بات کرنا اور لوگوں کو کھانا کھلانا۔ پھر میں نے پوچھا: اے اللہ کے نبی! ایمان کیا ہے؟ نبیﷺ نے فرمایا: صبر کرنا اور درگزر کرنا۔ میں نے کہا: اے اللہ کے رسول! اسلام میں افضل ترین عمل کیا ہے؟ نبیﷺ نے فرمایا: جس کے زبان اور ہاتھ سے دوسرے لوگ محفوظ رہیں۔ پھر میں نے پوچھا کہ اے اللہ کے نبی! افضل ایمان کیا ہے؟ نبیﷺ نے فرمایا: اچھے اخلاق۔ میں نے پوچھا: کون سی نماز افضل ہے؟ نبیﷺ نے فرمایا: جس میں لمبا قیام ہو (لمبی لمبی رکعتیں پڑھنا)۔ میں نے پوچھا: اے اللہ کے نبی! بہترین ہجرت کون سی ہے؟ نبی ﷺ نے فرمایا: بہترین ہجرت یہ ہے کہ تم ان چیزوں کو چھوڑ دو جو تمہارے ربّ کو ناپسند ہو۔ (آگے لمبی حدیث ہے) (مشکاۃ المصابیح: رقم 46)