گلدستہ سنت جلد نمبر 3 |
صلاحی ب |
|
غور کرنے والی بات یہ ہے کہ جب پوچھا گیا کہ افضل ترین عمل کیا ہے؟ تو نبی ﷺ نے فرمایا کہ جس کے زبان اور ہاتھ سے دوسرے لوگ محفوظ رہیں۔ اب ہم غور کریں کہ کیا ہماری زبان سے ہمارے گھر والے محفوظ ہیں؟ ہمارے بچے محفوظ ہیں؟ ہمارے دوست محفوظ ہیں؟ یا ہمارے ہاتھ سے ہمارے ماتحت محفوظ ہیں؟ اگر یہ محفوظ ہیں توہم ایمان کے اعلیٰ درجہ پر فائز ہیں۔ پھر ہمیں حُسن اخلاق پر ملے گا کیا؟ اللہ اکبر!اللہ ربّ العزّت بے شمار نعمتیں عطا فرمائیں گے۔ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے جھوٹ بولنا چھوڑ دیا اگرچہ وہ غلطی پر تھا، اسے اللہ ربّ العزّت جنت میں محل بنا کر دیں گے جو کہ شروع میں ہوگا۔ اور جس نے جھگڑا ختم کر دیا باوجود اس بات پہ کہ وہ حق پر تھا (اور دوسرا اس پر ظلم کررہا تھا، اس کے حق کو کھارہا تھا) تو اللہ ربّ العزّت جنت کے بالکل بیچ میں ایک محل عطا فرمائیں گے۔ اور جس نے عمدہ اخلاق اختیار کیے اس کے لیے جنت کے بلند و بالا حصے میں محل بنایا جائے گا۔ (مشکاۃ المصابیح: رقم 4831) عمدہ اخلاق پر جنت کی بہترین نعمتیں ملا کرتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو عطا فرمائے آمین۔اَخلاق کی تقسیم جس طرح رزق انسان میں تقسیم ہوتا ہے، اسی طرح اخلاق بھی تقسیم ہوتے ہیں۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا کہ اللہ ربّ العزّت نے تمہارے اخلاق تم میں اسی طرح تقسیم فرمائے ہیں جس طرح تمہارے درمیان رزق کو تقسیم کیا ہے۔ اور اللہ تعالیٰ دنیا اسے بھی دیتے ہیں جسے پسند فرماتے ہیں، اور اسے بھی دیتے ہیں جسے پسند نہیں فرماتے، مگر ایمان صرف اسے دیتے ہیں جسے پسند فرماتے ہیں۔ (مستدرکِ حاکم)