اسلامی شادی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
ضرورت کی وجہ سے نا بالغی میں نکاح کرنا اگر ناکح و منکوحہ (لڑکا لڑکی) نا بالغ ہوں۔ اور اچھا موقع فوت ہوتا ہو۔ (یعنی پھر رشتہ چھوٹ جانے کاخطرہ ہو) تو دوسری بات ہے۔ اور اگر ایسی کوئی ضروری مصلحت نہیں ہے محض رسم ہی کی اتباع ہے تو خود یہ رسم مٹانے کے قابل ہے گو نکاح صحیح ہو جاتا ہے۔ (اصلاح انقلاب صفحہ ۳۵) نا بالغی میں نکاح کا ثبوت حدیث میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا کا نکاح نابالغی کی حالت میں ہونا متواتر ہے صحیح مسلم میں خود حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا اپنا قصہ بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے ان سے نکاح کیا جب یہ سات برس کی تھیں۔ اور زفاف ہوا جب نو برس کی تھیں۔ اور آپ کی وفات ہوئی جب یہ اٹھارہ سال کی تھیں۔ (مسلم مشکوٰۃ امداد الفتاویٰ صفحہ ۲۶۷ جلد ۲) آج کل شادی جلد کر دینا چاہئے آج کل رائے یہ ہے کہ شادی جلدی ہونی چاہئے کیونکہ اب وہ عفت و دیانت طبیعتوں میں نہیں رہی جو پہلے تھی اب زیادہ ضبط کی ہمت نہیں ہوتی مگر جلدی شادی ہونے میں جہاں یہ فائدہ ہے چند خرابیاں بھی ہیں۔ (عضل الجاہلیہ صفحہ ۳۶۹) جلدی نکاح کرنے کا حکم حدیث مرفوع ہے: ((عن علی ان النبی صلی اللہ علیہ و سلم قال یا علی ثلث لا تؤخرھا الصلوۃ اذا اتت والجنازۃ اذا حضرت والایم اذا وجلت لھا کفوا)) (رواہ الترمذی‘ مشکوٰۃ) ’’حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا اے علی تین چیزوں میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے‘ نماز جب اس کا وقت آجائے‘ اور جنازہ جب کہ حاضر ہوجائے‘ اور بے نکاحی لڑکی کا رشتہ جب اس کا کفو مل جائے۔‘‘ اس حدیث پاک میں وجوب تعجیل (جلدی نکاح کرنے) کو نماز کا قرین قرار دیا ہے۔ (امداد الفتاویٰ صفحہ ۲۶۸ جلد ۲) لڑکا لڑکی کا کس عمر میں نکاح کر دینا چاہئے حق تعالیٰ کا ارشاد ہے: {وَابْتَلُوا الْیَتَامٰی حَتّٰی اِذَا بَلَغُوا النِّکَاحَ} (یہ آیت) صاف مشیر ہے کہ نکاح کا پسندیدہ زمانہ بلوغ کے بعد کا ہے۔ سیدھا طریقہ یہی ہے کہ بلوغ اور درستی عقل کے بعد نکاح کیا جائے نہ کہ اس سے پہلے۔ (اصلاح انقلاب صفحہ ۴۴ جلد ۲) حضرت فاطمہ رضی اللہ عنھا کی عمر (شادی کے وقت) ساڑھے پندرہ سال کی اور حضرت علی رضی اللہ عنہ کی اکیس سال کی تھی۔ (اصلاح الرسوم صفحہ ۹۰) بہت تھوڑی عمر میں شادی کر دینے میں بہت سے نقصان ہیں۔ بہتر تو یہی ہے کہ لڑکا جب کمانے اور لڑکی گھر چلانے کا بوجھ اٹھا سکے اس وقت شادی کی جائے۔ (بہشتی زیور صفحہ ۶۳ حصہ ۹) والدین کی ذمہ داری