اسلامی شادی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
بہرحال اگر کسی میں بہت سے عیوب ہوں تو بتا تو دے مگر پہلے ایک کو چھڑاوے پھر دوسرے کو چھڑاوے پھر تیسرے کو چھڑاوے۔ رسوم کی مخالفت کرنے والاولی اور خدا کا مقبول بندہ ہے بعض لوگ طعن و تشنیع کے خوف سے رسم پر عمل کر لیتے ہیں مگر جس شخص میں احکام کی تعمیل کا مادہ ہو گا وہ رسوم کے ترک کرنے میں کسی کے طعن و تشنیع کا کبھی خیال نہ کرے گا اور گوباہمت مسلمان سے یہ کچھ بعید نہیں لیکن آج کل مخالفت عامہ کی وجہ سے ایسا شخص قابل تعریف ہے‘ ایسا شخص آج کل ولی اور خدا کا مقبول بندہ ہے۔ (العاقلات الغافلات صفحہ ۳۴۷) رسوم کی پابندی کرنے والے لعنت کے مستحق ہیں حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا چھ شخصوں پر میں اور حق تعالیٰ اور فرشتے لعنت کرتے ہیں‘ منجملہ ان کے ایک وہ شخص ہے جو رسم جاہلیت کو تازہ کرے۔ (ایک حدیث میں) رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا کہ سب سے زیادہ بغض اللہ تعالیٰ کو تین شخصوں کے ساتھ ہے۔ ان میں سے ایک یہ بھی فرمایا کہ جو شخص اسلام میں آ کر جاہلیت کا کام برتنا چاہے۔ مضامین مذکورہ کی بہت سی احادیث موجود ہیں۔ اس بارہ میں تم لوگ شریعت کا مقابلہ کر رہے ہو‘ خدا کے لئے ان کفار کی رسوم کو چھوڑ دو۔ (اصلاح الرسوم صفحہ ۸۶‘ عضل الجاہلیہ صفحہ ۳۸۱) تمام مسلمانوں کی ذمہ داری ہر مسلمان مرد‘ عورت پر لازم ہے کہ ان سب بیہودہ رسموں کو مٹانے پرہمت باندھے اور دل و جان سے کوشش کرے کہ ایک رسم بھی باقی نہ رہے اور جس طرح حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کے مبارک زمانہ میں سادگی سے سیدھے سادے طور پر کام ہوا کرتے تھے اس کے موافق اب پھر ہونے لگیں جو مرد اور جو عورتیں یہ کوشش کریں گے ان کو بڑاثواب ملے گا۔ حدیث شریف میںآیا ہے کہ سنت کا طریقہ مٹ جانے کے بعد جو کوئی اس (سنت کے طریقہ) کو زندہ کر دیتا ہے اس کو سو شہیدوں کا ثواب ملتا ہے۔ (بہشتی زیور صفحہ ۳۲۸ جلد ۶) عورتوں سے درخواست عورتیں چاہیں تو سارے رسوم و رواج ختم ہو جائیں میں عورتوں سے درخواست کرتا ہوں کہ ان کو چاہئے کہ مردوں کو (رسوم سے) روکیں ان کا روکنا بہت موثر ہے ایک تو اس وجہ سے کہ ان قصوں (رسوم و رواج) کی اصل بانی وہی ہیں جب یہ خود رکیں گی اور مردوں کو روکیں گی تو کوئی بھی قصہ نہ ہو گا۔ اس کے علاوہ ان کا لب و لہجہ اور ان کا کلام بے حد موثر ہوتا ہے ان کا کہنا دل میں گھس جاتا ہے۔ اس لئے اگر یہ چاہیں تو بہت جلد روک سکتی ہیں۔ (التبلیغ دواء العیوب)