اسلامی شادی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
اللہ جل جلالہ سے زیادہ کون ہے کہ جس کا خیال کیا جائے‘ شیطان کا خیال اس وقت نہ ہونا چاہئے۔ (التہذیب ملحقہ مفاسد گناہ صفحہ ۴۸۸) صحبت کے وقت دوسری عورت کا تصور کرنا حرام ہے فرمایا اگر اپنی بیوی کے پاس ہو اور صحبت کے وقت کسی اجنبیہ کا قصداً تصور کرے تو وہ حرام ہو گا۔ (ملفوظات اشرفیہ صفحہ ۹۷) جماع کے وقت ذکر اور دعائیں پڑھنا بول و براز و جماع (یعنی پیشاب‘ پاخانہ اور بیوی سے ہم بستری) کے وقت میں زبان سے ذکر کرنے کی ممانعت ہے۔ البتہ ذکر قلبی کی کسی حال میں بھی ممانعت نہیں۔ ہر وقت اجازت ہے۔ اگر کوئی کہے کہ قلب سے ذکر کے کیا معنی اور کیا شریعت میں اس کا کچھ ثبوت ہے؟ تو میں کہتا ہوں کہ حدیث نے اس اشکال کو بھی صاف کر دیا ہے۔ حدیث شریف ہے کہ ((کان النبی صلی اللہ علیہ و سلم یذکر اللہ فی کل احیانہ)) ’’کہ آپ ( صلی اللہ علیہ و سلم ) ہر وقت ذکر الٰہی میں مشغول رہتے تھے‘‘ اور کل احیان (ہر وقت) میں اوقات بول و براز‘ قضاء حاجات (یعنی پیشاب‘ پاخانہ‘ اور خواہش پورا کرنے کے مواقع) بھی شامل ہیں اور ظاہر ہے کہ ایسے موقع پر زبان سے ذکر اور تلاوت مکروہ ہے۔ پس کل احیان سے معلوم ہوتا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ و سلم ایسے احوال اور ایسے مواقع میں قلب سے (دل سے) ذکر کیا کرتے تھے۔ ایسے وقت میں ذکر قلبی کا بقاء ممکن ہے اب اس کو ذکر نہ کہنا حرمان عن البرکۃ (یعنی ذکر کی برکت سے محرومی) کا مشورہ دینا ہے۔ بہرحال جہاں ذکر لسانی (زبان سے ذکر) نہ ہو سکے وہاں ذکر قلبی جاری رکھے۔ یعنی تصور رکھے‘ توجہ رکھے۔ (اگر اس خاص وقت کی کوئی دعا ثابت ہو تو اس کو دل ہی دل میں پڑھے‘ زبان سے نہ پڑھے) پس ذکر ہر حالت میں مطلوب ہے۔ تو جس میں جو بھی ممکن ہو کرتا رہے۔ (ضرورت التبلیغ ملحقہ دعوت و تبلیغ صفحہ ۱۶۶ تا ۱۷۱) مخصوص دعائیں بیوی سے پہلی مرتبہ ملاقات کی دعا جس وقت عورت سے پہلی بار خلوت کرے تو چاہئے کہ اس کی پیشانی کے بال پکڑ کر یہ دعا پڑھے۔ (زبان سے) ((اللھم انی اسئلک من خیرھا و خیر ما جبلتھا علیہ واعوذ بک من شرھا و شرما جبلتھا علیہ)) ’’اے اللہ میں آپ سے اس کی بھلائی مانگتا ہوں‘ اور اس کی جبلی (پیدائشی) عادتوں کی بھلائی مانگتا ہوں اور پناہ چاہتا ہوں آپ کی اس کی برائی سے اور اس کی جبلی عادتوں کی برائی سے‘‘ جب جماع کا ارادہ کرے جس وقت ہم بستری کا ارادہ کرے تو یہ دعا پڑھے۔ (زبان سے) ((اللھم جنبنا الشیطان و جنب الشیطان ما رزقتنا)) ’’اللہ کے نام سے شروع کرتا ہوں‘ یا اللہ دور رکھئے ہم کو شیطان سے اور دور رکھئے شیطان کو اس بچہ سے جو آپ ہم کو نصیب کریں‘‘