اسلامی شادی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
گناہ میں یہ اولاد مبتلا ہو گی خواہ نگاہ کا گناہ یا کان کا گناہ یا زبان کا یا دل کا‘ اتنا ہی گناہ اس صاحب اولاد یعنی باپ کو ہو گا۔ واللہ اعلم۔ (امداد الفتاویٰ صفحہ ۵۳۴) --- بیوی کا بیان بیوی کے فضائل‘ منافع و فوائد خدا تعالیٰ نے یہ تعلق ہی ایسا بنایا ہے کہ بیوی سے زیادہ کوئی بھی انسان کو راحت نہیں دے سکتا‘ بیماری میں بعض دفعہ سارے عزیز الگ ہو کر ناک منہ چڑھانے لگتے ہیں خصوصاً اگر کسی کو دستوں کی بیماری ہو جائے (تو کوئی قریب نہیں آتا) مگر بیوی سے یہ کہیں نہیں ہو سکتا کہ وہ شوہر کو اس حالت میں چھوڑ دے‘ وہ بیماری میں سب سے زیادہ راحت پہنچاتی ہے۔ (التبلیغ صفحہ ۱۴۶ جلد۱۴) بیوی سب سے گہری دوست ہے بیوی سے بڑھ کر دنیا میں کوئی دوست نہیں ہو سکتا‘ تجربہ ہے کہ زمانہ افلاس و مصیبت میں سب احباب الگ ہو جاتے ہیں اور ماں باپ تک انسان کو چھوڑ بیٹھتے ہیں‘ مگر بیوی ہر حال میں مرد کا ساتھ دیتی ہے۔ اسی طرح بیمار ی میں جیسی راحت بیوی سے پہنچتی ہے کسی دوست سے بلکہ ماں باپ سے بھی نہیں پہنچتی۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ بیوی کے برابر دنیا میں مرد کا کوئی دوست نہیں۔ (حقوق البیت صفحہ ۲۲) عورتوں کی اہمیت اور ان کی خدمت کی قدر فرمایا کہ عورتوں کی خدمت کا میرے اوپر خاص اثر ہوتا ہے لونڈیوں کی طرح خدمت کرتی ہیں۔ ہر وقت کام کرتی پھرتی ہیں۔ اگر یہ اپنی شان جاننے کے بعد خدمت کرتی تو بڑی دور پہنچتی۔ ان کی خدمت پر میں کہا کرتا ہوں کہ ان کو اپنا محتاج الیہ ہونا (یعنی یہ کہ مرد عورتوں کے محتاج ہیں) ورنہ مردوں کو حقیقت نظر آجاتی۔ حدیث میں جو آیا ہے۔ ((حبب الی ثلث النساء و الطیب الخ)) یعنی حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا کہ مجھ کو تین چیزیں محبوب ہیں۔ عورت‘ خوشبو‘ مسواک۔ ان کے حرکات و سکنات و ملکات قابل توجہ ہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے عورتوں کو پسند کیا جس کی وجہ شہوت نہیں۔ (ملحوظات جدید ملفوظات صفحہ ۲۸) بیوی بڑی محسن ہے عورتوں کا ایک حق تو اس واسطے ہے کہ وہ بے کس بے بس ہیں۔ دوسرے اس واسطے بھی حق ہے کہ وہ تمہاری دوست ہیں۔ اور اوپر معلوم ہو چکا ہے کہ دوستی کی وجہ سے حق بڑھ جاتا ہے۔ پھر وہ تمہارے دین کی محافظ بھی ہیں۔