موضوعاتی درس قرآن ۔ سورہ رحمن |
|
محبت کے حصول کا طریقہ : لیکن اس لذت کو اور اللہ کی محبت کوحاصل کرنے کا طریقہ کیا ہے؟اللہ پاک نے وہ طریقہ اس سورت میں بار بار ذکر فرمایاہے،اور وہ ہے اللہ تعالیٰ کی نعمتوں میں غور و فکر۔ تھوڑی دیراگرہم اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا مراقبہ کریں تواس کی وجہ سے اس کی بڑائی کا احساس ہوگا،اس سے قرب پیدا ہوگا، اس کی بڑائی،اس کی عظمت اور اس کی معرفت حاصل ہوگی اورپھر اس کی اطاعت آسان ہوگی،پھر آہستہ آہستہ اس میں مزہ آنے لگے گا،اولاً تو ہم اللہ پاک کی نعمتوں میں تدبر وتفکر کرتےہی نہیں،اوراگر ہم کرتے بھی ہیں تو جیسے کرنا چاہئے ویسا نہیں کرتے،جیسے قرآن پاک کے بارے میں ہم یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ یہ بڑی نعمت ہے، لیکن ہمارے ذہنوں میں یہ حقیقت نہیں ہے کہ قرآن پاک تمام نعمتوں پر مقدم ہے۔ حتیٰ کہ انسان کے وجود اور پیدائش سے بھی مقدم ہے، اسی کی وجہ سے انسان کا وجود قیمتی ہے۔اسی لئے اسےپیدا کیا گیا ہے،جب یہ اتنی عظیم نعمت ہے تو پھر اس کی کتنی قدر کرنی چاہئے؟کتنی عزت کرنی چاہئے؟کتنی عظمت کرنی چاہئے؟اس کے کیا کیا تقاضے ہیں؟کن کن تقاضوں پر ہم عمل کررہے ہیں؟اور کن پر ہم عمل نہیں کررہے ہیں؟عمل نہ کرنے کی صورت میں اس کی کتنی ناقدری اور ناشکری ہورہی ہے؟اس ناقدری اور ناشکری کا وبال کیا ہوگا؟اللہ پاک ہم پر کتنا ناراض ہوں گے؟اور ہمارے ساتھ کیا معاملہ کریں گے؟اور سوال و جواب کی صورت میں ہم اللہ پاک کو کیا جواب دیں گے؟اس طرح آدمی مراقبہ کرے،انشاء اللہ اس سے فائدہ ہوگا۔اللہ پاک مجھے اور آپ کو عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)