موضوعاتی درس قرآن ۔ سورہ رحمن |
|
جنت کی نعمتیں ابدی ہیں : اور وہاں شراب و شباب دائمی ہوں گے،کبھی ختم نہیں ہوں گے،دنیا کے بارے میں کسی نے کہاہے: ’’چار دن کی چاندنی پھر اندھیری رات ہے‘‘ لیکن جنت میں ایسا نہیں ہوگا، تر و تازگی ہمیشہ کے لیے ہوگی، حسن و جمال ہمیشہ کے لیے ہوگا، شباب ہمیشہ کے لیے ہوگا، خوبصورتی ہمیشہ کے لیے ہوگی اور اُس میں ہمیشہ اضافہ ہوتا رہے گا۔وہاں کی خصوصیت یہ ہے کہ وہاں پر حسن کو زوال نہیں ہے،بلکہ ترقی ہے۔ جیسے جیسے وقت گزرتا جائے گا ویسے ویسے حسن بڑھتا جائے گا۔جنت کی شاپنگ(shopping) : یہ حسن مرد اور عورت دونوں میں بڑھتا جائے گا۔ وہاں حسن کی شاپنگ (shopping) ہوگی۔ جب وہ بازار حسن میں پہنچیں گے تو وہاں مشک کے ٹیلے ہوں گے،ہر جمعہ جنتی وہاں پہنچیں گے،ایک شمال کی ہوا چلے گی اور ان کے چہروں اور ملبوسات پر پڑے گی تو ان کے حسن و جمال میں اضافہ ہو جائے گا ،جب لوٹ کر اپنی حوروں کے پاس جائیں گے تو وہ کہیں گی کہ تمہاراتو حسن و جمال کا فی بڑھ گیا ہے،اوران کے حسن میں اضافہ دیدارِ الٰہی کے بعد ہوگا ۔۱؎اور پھر وہ حوروں سے کہیں گے کہ ہم بھی تمہارے حسن میں اضافہ دیکھ رہے ہیں،وہ کہیں گی کہ ہاں اللہ تبارک وتعالیٰ نے ہمارے حسن میں بھی اضافہ فرما دیا ہے۔۲؎ بعض روایتوں میں آتا ہے کہ بازار میں مردوں اور عورتوں کی شکلیں ہوں گی جو جس شکل کو پسند کرے گاوہ اس میں داخل ہو جائےگا۔۳؎ ------------------------------ ۱؎:سنن ترمذی:ابواب صفۃ الجنۃ؍باب ما جاء فی سوق الجنۃ۔ ۲؎:صحیح مسلم:باب ماجاء فی سوق الجنۃ،۲۷۴۷۔ ۳؎:سنن ترمذی:ابواب صفۃ الجنۃ؍باب ما جاء فی سوق الجنۃ۔