موضوعاتی درس قرآن ۔ سورہ رحمن |
|
مُتَّکِئِیْنَ عَلٰی رَفْرَفٍ خُضْرٍ وَعَبْقَرِیٍّ حِسَانٍ ۷۶ فَبِأَیِّ آلاءِرَبِّکُمَا تُکَذِّبَانِ ۷۷ ’’وہ لوگ سبز مشجّر اور عجیب خوبصورت کپڑوں (کے فرشوں) پر تکیہ لگائے بیٹھے ہوں گے۔سو (اے جن و انس ) تم اپنے رب کی کون کونسی نعمتوں کو جھٹلاؤگے؟رفرف کیا ہے؟ ’’رَفْرَفٍ‘‘ کے معنیٰ سبز کپڑے کے ہیں جس سے بستر،فرش،تکیےاور گدے بنائے جاتے ہیں،ابنِ عباس کہتے ہیں کہ اس سے بیٹھنے کی جگہیں مراد ہیں۔ بعض علماء کہتے ہیں کہ جنت کے سبز باغ مراد ہیں۔ بعض علماء کہتے ہیں کہ کہنی ٹیکنے کے تکیے مراد ہیں۔ بعض علماء کہتے ہیں کہ بستر کے زائد حصے یعنی جھالروغیرہ مراد ہیں۔ بعض علماء کہتے ہیں کہ بچھونے مراد ہیں۔ بعض علماء کہتے ہیں کہ قالینیں اور مسندیں مراد ہیں۔۱؎ علّامہ قرطبی نے ایک ضعیف حدیث کے حوالہ سے لکھا ہے کہ رفرف ایک ایسی چیز ہے جو آدمی کو لےکر اڑے گی،جیسے واقعہ معراج کے بارے میں ایک روایت ہے کہ آپ جب سدرۃ المنتہیٰ پر پہونچے تو رفرف آیا اور جبرئیل سے لے کر آپ کو اللہ پاک کے سامنے لے گیا،پھر جب واپسی کا وقت ہوا تو اس نے آپ کو حضرت جبرئیل کے پاس پہنچادیا۔پس یہ رفرف جنت کے خادموں میں سے ایک خادم ہے،جیسے انبیاء براق پر سوار ہوتے تھے اسی طرح اہل جنت اس پر سوار ہوں گے۔وہ ان کافرش ہوگا ۔اور وہ اس پر ٹیک لگا کر بیٹھیں گے، اور وہ ان کو نہروں کے پاس ،بیویوں کے پاس اور جہاں وہ چاہیں گے لے جائےگا۔۲؎ ------------------------------ ۱؎: تفسیرِ قرطبی :۱۷؍۱۹۰و مظہری:۹؍۱۶۳۔ ۲؎:تفسیر قرطبی:۱۷؍۱۹۱۔