موضوعاتی درس قرآن ۔ سورہ رحمن |
حضرت قتادہ نے کہا کہ جہنمی دو مرتبہ چکر لگائیں گے،ایک مرتبہ جحیم میں اور ایک مرتبہ حمیم میں ۔جحیم آگ کا اور حمیم گرم کھولتے ہوئے پانی کا نام ہے۔۱؎اہلِ جہنم کے لئے پیش کردہ پانی کی سختی : گنہگار گرم اور انتہائی جوش مارتے ہوئے پانی اور جہنم میں چکرلگارہے ہوں گے۔ وہاں پر اتنی بھوک مسلط کی جائے گی کہ آدمی کہے گا کہ کھانے کے لئے کچھ چاہیے۔ جب اُس کو کھانا دیا جائے گا تو وہ اُس کے گلے میں پھنس جائے گا۔ ایسی کیفیت میں آدمی نہ زندہ ہوگا اور نہ مرے گا۔ ایسی حالت میں ایک نہیں بلکہ ہزاروں جہنمی ہوں گے، وہ لوگ آپس میں یاد کریں گے کہ جب دنیا میں ہمارے حلق میں کھانا پھنستا تھا تو پانی کے ذریعے اُس کو حلق سے نیچے اُتارتے تھے، چلو پانی مانگتے ہیں،وہ پانی کے لئے چلائیں گے،جب پانی آنکڑوں کے ذریعے اُن کے قریب کیا جائے گا تو اُن کے چہرے بھن جائیں گے،اور پیٹ کے اندر پہونچے گا تو انتڑیاں کٹ کر نیچے گر جائیں گی۔۲؎ ہونٹ اُس پانی کی گرمی سے جھلس کر نیچے لٹک جائیں گے اور جیسے ہی وہ پانی اُن کے گلے میں ڈالا جائے گا تو وہ پانی کھانے کے ساتھ گلے اور آنتوں کو گلا دے گا اور ٹکڑے ٹکڑے بنا دے گا۔اور ایک روایت میں ہے کہ پاخانے کے راستے سے نکل جائے گا۔۳؎۔ اُس وقت جو تکلیف ہوگی وہ تو ہوگی،بعد میں انہیں پھرصحیح کیا جائے گا،اور دوبارہ اس عذاب میں مبتلا کیا جائے گا۔اور مسلسل ان کے ساتھ اس طرح کیا جائے گا۔اہلِ جہنم کی جسامت : یہ سزائیں دنیوی چھوٹے سے جسم کو نہیں دی جائیں گی،بلکہ اس کے لیے جہنمی کے جسم کو بہت بڑا کیا جائے گا یہاں تک کہ اُس کا ایک داڑھ احد پہاڑ کے برابر کیا جائے گا۔ ------------------------------ ۱؎:حوالۂ سابق۔ ۲؎:تفسیرِ مظہری:۹؍۱۵۶۔ ۳؎:سنن ترمذی: باب ماجاء فی صفۃطعام و شراب اھل النار ۔