موضوعاتی درس قرآن ۔ سورہ رحمن |
|
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم ۔ اما بعد فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ اَلرَّحْمٰنُ۱ عَلَّمَ الْقُرْآنَ ۲ خَلَقَ الْإِنْسَانَ۳ عَلَّمَہُ الْبَیَانَ۴ ’’وہ رحمٰن ہی ہے، جس نے قرآن کی تعلیم دی،اسی نے انسان کو پیدا کیا،(پھر) اس کو گویائی سکھائی۔‘‘ کئی دنوں کے بعد درس کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جارہا ہے۔ اس وقت میرے ذہن میں کوئی عنوان نہیں تھا،ہمارے ایک دوست نے مشورہ دیا کہ سورۂ رحمٰن شروع کیا جائے ، اس سے پہلے سورۂ یٰسین،سورۂ کہف اور سورۂ یوسف کا بھی درس ہوچکا ہے،اورسورۂ رحمٰن سے بھی لوگ کافی دلچسپی رکھتے ہیں،اوراس کی بھی کافی فضیلتیں ہیں، اس لیےارادہ ہوا کہ اس سورت کا درس دیا جائے،چنانچہ اس کی چند آیتیں آپ کے سامنے تلاوت کی گئیں۔سورہ رحمٰن کی آیات کلمے اور حروف : اس سورت میں ۷۸ آیتیں،۳۵۱کلمےاور۱۶۳۶حروف ہیں۔۱؎ اس سورت کی تفسیر سے قبل اس کے مضمون، مقامِ نزول،شانِ نزول اور فضائل سے متعلق چند باتیں ذہن میں رکھیں۔سورۂ رحمٰن کا بنیادی مضمون اور ماقبل سورت سے مناسبت : پہلی بات یہ ہےکہ اس کا موضوع کیا ہے؟اللہ پاک نے اس سورت میں کیا کیا مضامین بیان فرمائے ہیں؟تو بنیادی طور پر یہ بات یاد رکھیے کہ اس سورت میں اللہ پاک نے اپنی نعمتوں کو بیان فرمایا ہے،اور ان نعمتوں کی بنیاد پر لوگوں پراحسان جتایا ہے۔ اس سورت سے قبل سورۂ قمر ہے۔دونوں میں مناسبت یہ ہے کہ سورۂ قمر میں اللہ پاک نے نافرمانوں کے لیے سزاؤں کا ذکر فرمایا ہے اور مختلف قوموں پر عذاب و سزا کا تذکرہ کیا ہے۔ جگہ جگہ تنبیہ کرتے ہوئے فرمایا: ------------------------------ ۱؎:کشف البیان :۹؍۱۷۶۔