موضوعاتی درس قرآن ۔ سورہ رحمن |
|
مخلوقات اللہ کی بھکاری ہیں : یَسْأَلُهٗ مَنْ فِی السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ کُلَّ یَوْمٍ هُوَ فِیْ شَأْنٍ۲۹ فَبِأَیِّ آلَاءِ رَبِّکُمَا تُکَذِّبَانِ ۳۰ اسی سے (اپنی اپنی حاجتیں) سب آسمان اور زمین والے مانگتے ہیں وہ ہر وقت ایک نئی شان میں رہتا ہے ۔سواے جن و انس! تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلاؤ گے؟ علّامہ قرطبینے اس آیت کے ذیل میں لکھا ہے کہ آسمان والے تو رحمت مانگتے ہیں اور زمین والے رحمت اور رزق دونوں مانگتے ہیں،ابن عباس کہتے ہیں کہ آسمان والے تو مغفرت مانگتے ہیں اور زمین والے رزق اور مغفرت مانگتے ہیں۔ابن جریج کہتے ہیں کہ آسمان والے بھی زمین والوں کے لئے رزق طلب کرتے رہتےہیں۔۱؎فرشتے بھی اللہ کے محتاج ہیں : ساری مخلوق اللہ پاک کی بھکاری اورمحتاج ہے، سب اُسی سے سوال کرتے ہیں۔ چاہے وہ آسمان والے ہوں یا زمین والے۔ حالانکہ آسمان والوں کو نہ کھانے کی ضرورت ہے اور نہ پینے کی،سردی اور گرمی،بیوی اور بچوں سے وہ مستغنی ہیں،لیکن وہ بھی اللہ پاک کےمحتاج ہیں،اگر اللہ تعالیٰ اُن سے کسی بات پر ناراض ہوجائیں تو پھر ان کی ہلاکت وبربادی کے علاوہ اور کیا ہوسکتا ہے،اس لئے وہ بھی اللہ پاک کےمحتاج ہیں۔ ان کی عظمت و کبریائی اور اُن کی قدوسیت کے سامنے کچھ فرشتےسرنگوں ہے تو کچھ تسبیح و تقدیس میں مشغول ہیں،اورکچھ لاکھوں اورکروڑوں سال سے سجدے میں پڑے ہیں، ایک ایک فرشتہ اتنا بڑا ہے کہ زمین وآسمان اُن کے سامنے چھوٹے سے تنکے کی طرح ہیں، اُن کے مونڈھوں کے درمیان اتنا فاصلہ ہے کہ ساتوں آسمان اور ساتوں زمین ان کے مونڈھوں کے درمیان تِل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ------------------------------ ۱؎:تفسیرِ قرطبی:۱۷؍۱۶۶ ۔