موضوعاتی درس قرآن ۔ سورہ رحمن |
|
یتیموں کا مال کھانے والوں کی نشانی : ایسے ہی جب فرشتے یتیموں کا مال کھانے والوں کو دیکھیں گے تو ان کے چہروں سے انہیں پہچان لیں گے،اور آپ نےان کی یہ نشانی بیان فرمائی کہ وہ کل قیامت میں اس حالت میں اُٹھیں گے کہ آگ کے شعلے اُن کے منہ سے نکل رہے ہوں گے: إِنَّ الَّذِیْنَ یَأْکُلُوْنَ أَمْوَالَ الْیَتَامٰی ظُلْماً إِنَّمَا یَأْکُلُوْنَ فِیْ بُطُوْنِھِمْ نَارًا۱؎ یقین رکھو کہ جو لوگ یتیموں کا مال نا حق کھاتے ہیں،وہ اپنے پیٹ میں آگ بھر رہے ہیں۔ یہاں دنیا میں انہوں نے اپنے پیٹ میں کھانا بھرا تھا لیکن کل قیامت میں وہ آگ ہی ہوگی،جب وہ قبروں سے اٹھیں گے تو اُن کے منہ سے آگ کے شعلے باہر نکل رہے ہوں گے۔۲؎ فرشتے اُنہیں دیکھتے ہی پہچان لیں گے۔سود خوروں کی نشانی : سود خور جب قبروں سے اٹھیں گے تو اس حال میں اٹھیں گے جیسے کہ ایک مخبوط الحواس اور آسیب زدہ آدمی اٹھتا ہے،فرشتے انہیں دیکھتے ہی سمجھ جائیں گے کہ یہ لوگ فلاں گناہ میں مبتلا تھے۔۳؎ جیسے کسی آدمی پر جن چڑھ گیا ہو تو اُس کو ہوش نہیں رہتا، وہ اِدھر اُدھر جھوم رہا ہوتاہے اورطرح طرح کی حرکتیں کرنے لگتا ہے اور دیکھنے والا فورًا سمجھ جاتا ہے کہ یہ آدمی اپنے قابو میں نہیں ہے۔ایسے ہی کل جب یہ اپنی قبر سے اٹھے گا اور فرشتے اس کو دیکھیں گے تو فورًا سمجھ جائیں گے کہ دنیا میں یہ سود کھانے والا تھا۔ ------------------------------ ۱؎: نساء:۱۰۔ ۲؎:تفسیرِ مظہری۹؍۱۵۵۔ ۳؎:تفسیرِ مظہری:۹؍۱۵۵۔