موضوعاتی درس قرآن ۔ سورہ رحمن |
|
بعض روایات میں یہ مضمون موجود ہے کہ وہاں پر آدمی پھل توڑے گا اور اُس میں سے حور برآمد ہوگی۔ اس میں کسی قسم کا کوئی استعجاب نہیں ہے،جب دنیا میں اس کی نظیر موجود ہےتو جنت میں اس بارے میں کوئی استبعاد نہیں ہونا چاہئے۔ اس کی نظیربرگد(درخت)کے پھل اور گولر کے پھل ہیں،وہ لال اور انجیر کی طرح ہوتے ہیں۔ اگر آپ گولر کا پھل لیں گے تو آپ دیکھیں گے کہ وہ پھل چاروں طرف سے بند ہوگا،جیسے ہی آپ اس کو کھولیں گے تو اس کے اندر سے چھوٹے چھوٹے پتنگے اُڑ تے دکھائی دیں گے۔جب اللہ تبارک وتعالیٰ نے دنیا میں یہ بات رکھی ہے کہ جب آپ پھل توڑتے ہیں تو اُس میں سے پتنگا نکلتا ہے،تو اس میں کیا بعد ہے کہ آدمی جنت کا پھل توڑے اور اس میں سےحور نکلے؟ ان آیات میں اللہ پاک نے جنت کے سونے چاندی سے بنے ہوئے مکانات اور عالیشان محلات،بہترین باغات،بہتی ہوئی نہریں،قسم قسم کے زیورات،صوفے،فرنیچر، پھل،اناراورکھجور وغیرہ کا بیان کیا۔ظاہر ہے کہ یہ نعمتیں توآدمی کو حاصل ہوں لیکن کوئی حسینہ نہ ہو تو اُس جنت کو لے کر وہ کیا کرے گا؟اس لئے فرمایا:خوبصورت اور خوب سیرت حوریں : فِیْھِنَّ خَیْرَاتٌ حِسَانٌ ۷۰ فَبِأَیِّ آلَاءِ رَبِّکُمَا تُکَذِّبَانِ ۷۱ اور ان باغوں کے مکانات میں خوب صورت اور خوب سیرت عورتیں ہوں گی،سو اے جن وانس! تم اپنے پروردگار کی کون کونسی نعمتوں کو جھٹلاؤگے؟حسان اور خیرات میں فرق : ’’خیرات‘‘اخلاق اور کردار کے اعتبار سے عمدہ ہونے کو کہتے ہیں اور’’حِسان‘‘ شکل و صورت کے اعتبار سے خوب ہونےکو کہتے ہیں۔۱؎ ------------------------------ ۱؎:تفسیرِ رازی:۲۹؍۳۸۰۔