موضوعاتی درس قرآن ۔ سورہ رحمن |
|
عبقری کی وضاحت : ’’عَبْقَرِیٍّ‘‘ کے معنیٰ نہایت عمدہ ، کامل،عجیب اور نادر کے ہیں۔ بعض علماء کہتے ہیں کہ اس سے مسندیں یا بہترین منقش کپڑے مراد ہیں۔ اور بعض یہ کہتے ہیں کہ’’عبقر‘‘ اُس جگہ منسوب ہے جہاں جنات زیادہ ہوتے تھے، اور وہاں کے کپڑے نہایت ہی عمدہ اورحسین ہوتے تھے۔۱؎ مطلب یہ ہے کہ اہل جنت نہایت ہی حسین،نقش و نگار کئے ہوئے،بیل بوٹوں سے سجے ہوئےاور شجر کاری کئے ہوئے تکیوں،صوفوں اور قالینوں پرٹیک لگائے ہوئے بیٹھے ہوں گے۔جنتی تکیہ لگائے بے فکر بیٹھے رہیں گے : علّامہ آلوسی نے لکھا ہے کہ دنیا میں آدمی دن بھر محنت کرتا ہے، مشقت کرتا ہے، تھکن سے چور ہوکر رات میں سکون اور راحت حاصل کرنے کے لئے بیوی کے پاس جاتا ہے ،پھر صبح اٹھ کر محنت اور مشقت کے لئے نکل جاتا ہے،دنیا میں یہ محنت،مشقت اور تھکن کا نظام ہے،لیکن جنت میں ایسا نہیں ہوگا،جنت میں آدمی کو نہ پہلے محنت کرنے کی ضرورت ہے اور نہ بعد میں۔صرف تکیہ لگاکر آرام اور سکون سے بیٹھا رہےگا۔۲؎ تکیہ لگانادر اصل بے فکری سے کنایہ ہے،مطلب یہ ہےکہ وہاں آدمی بے فکر ہی ہوگا،کسی قسم کا کوئی بوجھ نہیں ہوگا، کوئی ٹینشن نہیں ہوگا، بس راحت ہی راحت اور عیش ہی عیش ہوگا۔برکت کے معنیٰ : تَبَارَ کَ اسْمُ رَبِّکَ ذِی الْجَلَالِ وَالْاِکْرَامِ۷۸ صَدَقَ اللّٰهُ الْعَظِیْمُ ’’بڑا بابرکت نام ہے آپ کے رب کا جو عظمت والا اور احسان والا ہے ‘‘۔ ------------------------------ ۱؎:حوالۂ سابق۔ ۲؎:تفسیر رازی:۲۹؍۳۸۴۔